بنوں میں کرفیو نافذ، دہشت گردوں کےخلاف مشترکہ سرچ آپریشن جاری
خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی اور کوآڈ کاپٹر حملوں کے بعد بنوں میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے ہوید کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشن شروع کردیا۔
گزشتہ چند ماہ میں خیبر پختونخوا کے کئی علاقے بشمول بنوں، پشاور، کرک، لکی مروت اور باجوڑ دہشت گرد حملوں کی لپیٹ میں رہے ہیں، جن میں خاص طور پر جولائی میں بنوں میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ بنوں پولیس کے ترجمان نے آج ایک بیان میں کہا کہ یہ آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد علاقے کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنا اور پائیدار امن قائم کرنا ہے۔
آپریشن جمعے کی صبح 5 بجے ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان کی ہدایت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباسی کالاچی کی نگرانی میں شروع ہوا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا مزاحمت کی صورت میں فوری اور مؤثر کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ دہشت گردوں کو فرار یا چھپنے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔
عوامی حفاظت کے لیے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا اور شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور گھروں کے اندر رہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ دہشت گردوں کو کسی بھی قسم کی سہولت یا مدد فراہم کرنا سنگین جرم ہے اور اس پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بنوں میں ایک چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 3 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ جولائی میں میریان پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے کوآڈ کاپٹر سے حملہ کیا تھا، جو ایک ماہ کے دوران اس تنصیب پر پانچواں حملہ تھا۔
بنوں کے علاقے ہوید میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ سرچ اینڈ ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے رکھا ہے اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے اور علاقے میں کرفیو نافذ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا مزاحمت کی صورت میں فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ دہشتگردوں کو فرار یا پناہ کا کوئی موقع نہ مل سکے۔‘