قومی اسمبلی میں اپویشن لیڈر کا عہدہ خالی قرار دیا گیا

  • جمعہ 08 / اگست / 2025

تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کو قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ عمر ایوب سے اپوزیشن لیڈر کا چیمبر بھی واپس لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق زرتاج گل کا بطور پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ کا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ بھی خالی قرار دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نشت خالی ہو گئی تھی۔  قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے نوٹیفکشین میں بتایا گیا ہے کہ پانچ اگست کو قومی اسمبلی کی نشست این اے 18 ہری پور سے منتخب امیدوار عمر ایوب کو الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد لیڈر آف اپوزیشن کی نشست خالی ہو گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے 39 اراکین اب بھی ایوان میں موجود ہیں اور سپیکر اسمبلی اپوزیشن کو اپنا نمائندہ منتخب کرنے کے لیے خط لکھیں گے۔ تاہم اگر عمر ایوب اپنی نااہلی کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کریں گے تو اس فیصلے پر عملدرآمد روک دیا جائےگا۔ دوسری صورت میں پی ٹی آئی ایک متفقہ نام سپیکر کو بھجوا سکتی ہے جسے نیا اپوزیشن لیڈر بنا دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت پی ٹی آئی کے 196 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی تھیں۔

اس کے بعد الیکشن کمیشن نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب سمیت نو ارکان اسمبلی اور سینیٹر کو نااہل قرار دے دیا تھا۔ اس دوران پشاور ہائی کورٹ نے عمر ایوب کو لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا موقع دیا ہے۔