بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کا ژوب میں کلیئرنس آپریشن، مزید 14 دہشتگرد ہلاک

  • ہفتہ 09 / اگست / 2025

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کی تحصیل سمبازہ میں آپریشن کے دوران بھارت کی سرپرستی میں سرگرم مزید 14 خوارج کو ٹریس کر کے کامیابی سے ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب فتنہ الخوارج کے 33 دہشت گرد ہلاک کردیے تھے، جس کے بعد آپریشن میں ہلاک خوارج کی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 8 اور 9 اگست کی شب پاک-افغان سرحد کے قریب سمبازہ میں دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد کلیئرنس آپریشن کیا گیا، اس دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید 14 خوارج ٹریس کر کے ہلاک کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ کلیئرنس آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، 2 روزہ آپریشن میں ہلاک خوارج کی مجموعی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے پاک سرزمین کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے محفوظ رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ژوب کے سرحدی علاقے میں پاک-افغان سرحد سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو روکنے اور ان کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے کارروائی میں 33 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کی در اندازی ناکام بنائی اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔