گلگت میں لینڈ سلائیڈنگ سے ملبے تلے دب کر 7 افراد جاں بحق
گلگت بلتستان کے شہر دنیور میں نالے میں کام کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 7 رضاکار جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
ماحولیاتی تبدیلی اور گلیشیئرز کے پگھلنے کے تباہ کن اثرات گلگت بلتستان میں مزید واضح ہوتے جا رہے ہیں، جہاں جون کے آخر سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب 21 جولائی کو بابوسر کے علاقے میں ہلاکت خیز سیلاب آیا، جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ اب تک اس خطے میں 10 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک درجن سیاح لاپتہ ہیں۔
بیشتر نوجوانوں پر مشتمل 13 مزدور دنیور نالہ سے دنیور ٹاؤن تک پانی کی فراہمی کی بحالی کے لیے حالیہ سیلاب سے متاثرہ مرکزی واٹر چینل کی مرمت میں مصروف تھے کہ رات 2 بجے لینڈ سلائیڈنگ نے انہیں آ لیا۔ گلگت ریسکیو 1122 کے بیان میں کہا گیا کہ پانی کی فراہمی بحال کرنے والے 13 مزدور ملبے تلے دب گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر (آپریشنز) عبدالباسط بحالی کے کام کی نگرانی کے لیے موقع پر موجود تھے۔
امدادی کارروائیوں میں شریک مقامی رہائشی محمد اکبر نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو گلگت اور دنیور کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ایک اور مقامی باشندے حسین اکبر شاہ نے بتایا کہ دنیور کے ہزاروں رہائشی پینے اور آبپاشی کے پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ وادی کا انحصار نالے کے پانی پر ہے۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے اپنے بیان میں کہا کہ مزدوروں کی کل تعداد 15 تھی، جن میں سے 7 کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ گلگت کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دل اس المناک حادثے پر غمگین ہیں، گلگت سوگ کی کیفیت میں ہے۔
بعد ازاں واقعے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی نماز جنازہ ادا کی گئی، رہائشیوں نے دنیور چوک میں واقعے کے خلاف احتجاج بھی کیا اور اس کا ذمہ دار حکومت کو ٹھہرایا۔ سابق جی بی وزیر محمد اقبال کی قیادت میں عمائدینِ علاقہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بار بار یقین دہانیوں کے باوجود متاثرہ پانی کی فراہمی بحال کرنے میں ناکام رہی ہے۔
گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے معاوضے کا اعلان کیا۔