کیلیفورنیا سینیٹ میں پاکستانیوں کی خدمات کا اعتراف
- تحریر عارف الحق عارف
- جمعہ 22 / اگست / 2025
کیلیفورنیا کی سینیٹ نے اپنی ریاست میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی سماجی، تعلیمی، معاشرتی اور ثقافتی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کا اور ان خدمات کے اعتراف کے طور پر متفقہ طور پر ایک قرارداد نمبر 536 منظور کی ہے۔
یہ قرارداد سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو نے پیش کی، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 14 اگست 1947 کو آزادی حاصل کرنے کے بعد امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کیے اور اپنی تاریخ سے دنیا بھر کی اقوام کو آزادی، انصاف اور مساوات کی جستجو میں حوصلہ دیا۔ یہ قراداد سات اگست کو سینیٹر میلیسا کی تجویز پر منظور ہوئی تھی لیکن پیر کو اس کا خصوصی اجلاس ہوا اور اس کا اعلان امریکہ میں پاکستان کے سفیر عزت مآب رضوان سعید شیخ اور دیگر پاکستانیوں کی ایوان میں موجودگی میں کیا گیا۔
رضوان سعید نے بعد میں ایوان سے باہر پاکستانی اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد برادری کی کیلیفورنیا کی تعمیر و ترقی اور معیشت کے فروغ میں شاندار کارگزاری کے اعتراف پر مبنی اس قرارداد کی منظوری سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مستحکم بنیادوں پر نہ صرف قائم ہیں بلکہ ان میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس موقع پر لاس اینجلس میں پاکستانی قونصلیٹ کے قائم قام قونصل جنرل محمد مبشر خان، کونسل آف پاکستان امریکن افیئرز کے صدر عدنان الحق خان ڈاکٹر عرفان، آصف حق جناح، ٹی ایس آئی انجیئرنگ کے بانی انجیئر مقصود علی، عارف الحق عارف ، وی ون ہیلتھ کے سی ای او اعجاز عارف، آئی سائیکاٹٹری کے صدر ڈاکٹر جواد عارف، سی ایف اوز ایڈوائزرز کے صدر عمران ظفر اور عزمی گل بھی موجود تھے۔ سفیر محترم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نیویارک ریاستی اسمبلی بھی ایسی ہی قرارداد پاس کر چکی ہے اور ہم کوشش کررہے ہیں دوسری ریاستوں کی اسمبلیاں اور سینٹ بھی اس طرح کی قراردادیں منظور کریں۔
قرارداد میں اس بات کا مزید اعتراف کیا گیا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے اپنی محنت، قربانی اور ثابت قدمی سے کیلیفورنیا کی نئی بستیوں کو خوشحال اور معزز آبادیوں میں بدل دیا ہے اور اپنی آئندہ نسلوں کو ایک فعال اور کارآمد شہری بنایا ہے۔ اس بات کو مزید خوش آئیند قرار دیاگیا کہ امریکی سر زمین پر آباد پاکستانی آج امریکی مین اسٹریم سوسائٹی کا ایک لازمی حصہ ہیں اور انہوں نے مالیات، قانون، طب، تعلیم، ٹیکنالوجی، کھیل، میڈیا، فنون، فوج اور حکومت سمیت ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کیلیفورنیا کے عوام پاکستانی امریکن تعلقات کو ان کی کامیابیوں اور خدمات کے اعتراف کے طور پر مناتے ہیں اور ان کے سامنے موجود چیلنجز اور مواقع کی قدر کرتے ہیں۔
سینیٹ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ پاکستانی امریکن نئی نسلوں کو اپنے آباؤ اجداد کی قدروں، ثقافتی ورثے اور اپنی جڑوں سے وابستگی کا سبق دے رہے ہیں تاکہ وہ کیلیفورنیا کی متنوع تہذیب اور ثقافت میں اپنا بہتر حصہ ڈال سکیں۔ اس قرارداد میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خدمات اور ان تنظیموں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جو ریاست بھر میں پاکستانی ثقافت، روایات اور کامیابیوں کو فروغ دے رہی ہیں۔ رضوان شیخ بعد میں واشنگٹن واپس روانہ ہوگئے۔
(رپورٹ: عارف الاحق عارف)