لاہور: علیمہ خان کا دوسرا بیٹا شیر شاہ بھی زیرحراست، شاہ ریز کا 8 روزہ ریمانڈ منظور

  • جمعہ 22 / اگست / 2025

پولیسعلیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی حراست میں لے لیا ہے جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے شاہ ریز خان کو 9 مئی 2023 کو جناح ہاؤس پر حملے کے کیس میں8 روز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

لاہور پولیس نے گزشتہ روز زمان پارک سے گرفتار ملزم شاہ ریز خان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا اور ایک ماہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ لاہور ملزم شاہریز خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے جسمانی ریمانڈ دینے کی مخالفت کی تھی، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ بعدازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کی ایک ماہ کا ریمانڈ دینے کی استدعا مستر د کرتے ہوئے شاہ ریز خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

واضح رہے کہ علیمہ خان نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ 4 مسلح افراد نے ان کے بیٹے شاہ ریز کو اغوا کرلیا ہے۔ بعدازاں پولیس نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شاہریز کو 9 مئی 2023 کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔

قبل ازیں علیمہ خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کل 8 مقدمات میں ضمانت ملی، اس کے جواب میں یہ کل میرے گھر آئے اور بیٹے کو اٹھا کر لے گئے۔ آج میرے بیٹے کو اے ٹی سی میں پیش کیا گیا۔

علیمہ خان نے کہا کہ شاہ ریز کا سارا فوکس پاکستان کی نمائندگی کرنے میں ہے یا کاروبار میں ہے۔ آج تک اسے کسی نے یہاں دیکھا بھی نہیں ہو گا۔ کئی بار ہم نے کہا کہ اگر آپ نے ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کر لیں، ہم ہر بار عمران خان کی آواز بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے آخری ملاقات میں بھی کہا کہ آپ نے مضبوط رہنا ہے۔ بانی نے کہا کہ ظلم کی رات ہے بالآخر صبح ہو گی۔