میلانیا ٹرمپ غزہ کے بچوں کے لیے یوکرین جیسے جذبات دکھائیں: ترک خاتون اول

  • اتوار 24 / اگست / 2025

ترکی کی خاتون اول نے میلانیا ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جنگ سے متاثرہ بچوں کے لیے بھی ویسے ہی جذبات کا مظاہرہ کریں جیسا انہوں نے جنگ میں مارے گئے یوکرینی بچوں کے لیے کیا تھا۔

ایمن اردوان نے یوکرین پر روس کے حملے کے نتیجے میں متاثر ہونے والے بچوں کے لیے امریکی خاتون اول کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی بھی ’وکالت کریں‘۔ ہفتے کے روز ترک ایوان صدر سے شائع ہونے والے ایک خط میں ایمن اردوان کا کہنا تھا کہ غزہ ’بچوں کا قبرستان‘ بن چکا ہے۔ انہوں نے امریکی خاتونِ اول پر زور دیا کہ: ’ہمیں مل کر اس ناانصافی کے خلاف اپنی آواز اٹھانے کی ضرورت ہ۔ے‘

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ فوڈ سکیورٹی ماہرین کے اندازوں کے مطابق غزہ شہر میں تقریباً پانچ لاکھ افراد قحط کا شکار ہیں جبکہ غذائی قلت سے 132000 بچوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔

ایمن اردوان اپنے خط لکھتی ہیں کہ غزہ کے ہزاروں بچوں کے کفنوں پر لکھا ’نامعلوم بچہ‘ کا جملہ ہمارے ضمیروں پر ایک ایسے زخم کی مانند ہے جس کا مداوا نہیں ہو سکتا۔ خط میں انہوں نے میلانیا ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ غزہ کے بچوں کے لیے ویسے ہی جذبات کا مظاہرہ کریں جیسا آپ نے جنگ میں مارے گئے یوکرینی بچوں کے لیے کیا تھا۔

ایمن اردوان نے امریکی خاتونِ اول سے اپیل کی ہے وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو سے غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے براہ راست اپیل کریں۔ رواں ماہ کے شروع میں میلانیا ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو ایک خط بھیجا تھا جس میں ان سے بچوں کی حالتِ زار پر غور کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ تاہم انہوں نے کسی مخصوص بچوں کا حوالہ نہیں دیا تھا۔

عام طور پر ترک خاتون اول سیاست سے دور رہتی ہیں اور خود کو ماحولیاتی مسائل کے لیے آواز اٹھانے تک محدود رکھتی ہیں۔

تاہم ماضی میں 2016 میں خانہ جنگی میں پھنسے شامیوں کے لیے عالمی رہنماؤں کو خطوط لکھے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مارچ میں غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کی بھی مذمت کی تھی۔