30 روپے کے جھگڑے پر دو بھائیوں کے قتل کے ملزم ’پولیس مقابلے‘ میں ہلاک
لاہور کے قریب رائیونڈ کے علاقے میں 30 روپے کے جھگڑے میں دو بھائیوں کو قتل کرنے کے الزام میں زیر حراست دو افراد پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔
راشد اور واجد نامی دو سگے بھائیوں کے قتل کا یہ واقعہ 21 اگست کو پیش آیا تھا، جس کے بعد پولیس نے مقتول لڑکوں کے والد سعید اقبال کی مدعیت میں اویس، تیمور اور پانچ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔ پولیس نے اویس اور تیمور کو حراست میں لے لیا تھا جنoیں بعد ازاں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی ) کے حوالے کردیا گیا تھا۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس صدر انویسٹیگیشن لاہور میاں معظم علی کا کہنا ہے کہ آج صبح پولیس زیر حراست دونوں ملزمان کو نشاندہی کے لیے رائیونڈ لے جا رہی تھی، جہاں ملزمان کے ساتھیوں نے اچانک پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا اور اس حملے کے دوران فائرنگ سے زیر حراست دونوں مرکزی ملزمان اویس اور تیمور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی چوہنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔