دریائے ستلج میں پھر بڑے سیلاب کا خطرہ، بھارت نے الرٹ سے آگاہ کردیا

  • جمعہ 05 / ستمبر / 2025

بھارت سے آنے والے دریائے ستلج میں پھر سے بڑے سیلابی ریلے کا خطرہ ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے ایک بار پھر 2 مقامات پر ہائی فلڈ الرٹ سے آگاہ کردیا۔

وزارت آبی وسائل کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر نے بڑے سیلاب کے خطرے سے آگاہ کردیا ہے۔ بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں ہریک اور فیروزپور پر سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ وزارت آبی وسائل نے اس حوالے سے انتباہی خط جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ بھارتی ہائی کمشنر نے صبح 8 بجے فلڈ الرٹ جاری کیا۔

واضح رہے کہ بھارت رواں ماہ سیلاب کے حوالے سے پاکستان کو 3 بار آگاہ کرچکا ہے تاہم بھارتی حکومت مسلسل سندھ طاس معاہدے کو نظر انداز کرتے ہوئے باضابطہ طور پر انڈس واٹر کمیشن کے ذریعے پاکستان سے رابطہ کرنے کے بجائے ہائی کمشنر کے ذریعے وزارت آبی وسائل کو سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کرتی ہے۔

بھارت نے سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے پہلا رابطہ 3 ستمبر کو کیا تھا جبکہ گزشتہ روز بھی دریائے ستلج میں 2 مقامات پر ہائی فلڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعے کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر سیلاب کے حوالے سے کچھ تفصیلات فراہم کیں، تاہم دفتر خارجہ کو مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔