اگلی بار اسکور 6 صفر نہیں 60 صفر ہوگا: ایئر وائس مارشل شہریار خان

  • ہفتہ 06 / ستمبر / 2025

پاکستانی فضائیہ کے ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص نے چھ ستمبر کی یاد تازہ کی ہے، اگلی بار سکور اگلی بار سکور 0-6 نہیں بلکہ اللہ کی مدد سے ساٹھ صفر (0-60) ہوگا۔

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے یہ بات سنیچر کی صبح کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے دوران اپنے خطاب کے دوران کہی۔ یاد رہے کہ آج ملک بھر میں یوم دفاع قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت سے 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں سے 21، 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔

ایئر وائس مارشل شہریار خان کا تقریب کے دوران اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ’دفاع وطن کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانا پڑی، آئندہ بھی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کےلیے تیار ہیں۔ چھ ستمبر اس دن کی یاد دلاتا ہے، جب مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔‘

ایئر وائس مارشل نے بتایا کہ قدرتی آفات اور ریسکیو آپریشن کے دوران بھی پاک فضائیہ پیش پیش رہی۔ پاکستان کے ہر شہر اور ہر محاذ پر دفاع ہماری ذمہ داری ہے، پاک فضائیہ ہمہ وقت دفاع وطن کے لیے تیار رہتی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔‘