پنجاب میں حالیہ سیلاب سے 42 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے: پی ڈی ایم اے

  • ہفتہ 06 / ستمبر / 2025

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 4 ہزار ایک سو سے زائد موضع جات متاثر ہوئے۔ سیلاب سے مجموعی طور پر 42 لاکھ 25 ہزار لوگ متاثر ہوئے۔

پی ڈی ایم اے نے  پنجاب میں دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق سیلاب میں پھنس جانے والے 20 لاکھ 14 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جب کہ شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 423 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع میں 512 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

این ڈی یم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے ہرو پر واقع خانپور ڈیم میں پانی کا لیول اوپر آنے سے سنیچر کی شام سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس لیے اردگرد آبادیوں میں رہنے والے محتاط رہیں۔ این ڈی ایم اے کے اعلامیے کے مطابق ہرو دریا پر واقع خانپور ڈیم کا لیول 1981.55 فٹ تک پہنچ گیا ہے جبکہ ڈیم میں پانی کے ذخیرے کی گنجائش 1982 فٹ ہے۔

پنجاب میں دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ سیلاب میں ہلاکتوں کی تعداد 50 تک جا پہنچی ہے۔ پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے سیلاب میں نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق دریائے راوی ستلج اور چناب میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 41 سو سے زائد موضع جات متاثر ہوئے۔

پی ڈی ایم اے نے سنیچر کی صبح آگاہ کیا تھا کہ پنچاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں کمی آ رہی ہے اور دریائے ستلج سے بھی پانی اب پنجند کی جانب بڑھ رہا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پاکستان کے سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ صوبوں یعنی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں چھ سے نو ستمبر تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔