روس کا یوکرینی کابینہ کی عمارت پر میزائل حملہ، متعدد ہلاک

  • اتوار 07 / ستمبر / 2025

یوکرین کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ جنگ کے دوران روسی حملوں میں پہلی بار یوکرین کی حکومت کی مرکزی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

یولیا سویریڈینکو کا کہنا ہے کہ دشمن کے حملوں کے باعث کابینہ کی عمارت کی چھت اور بالائی منزلوں کو وجہ نقصان پہنچا ہے اور فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ کئیو میں ایک نو منزلہ رہائشی عمارت پر حملے کے بتیجے میں ایک بچہ اور ایک نوجوان خاتون ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ امدادی کارکن تیسرے شخص کی تلاش کر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یوکرین میں ایک اور جگہ نووپاولیوکا گاؤں میں ایک خاتون کو قتل کر دیا گیا۔

یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روس کی طرف سے تازہ ترین حملے میں 800 سے زائد ڈرون اور میزائل داغے گئے جو کہ ایک ریکارڈ تعداد ہے۔

کیف کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو نے شہریوں سے پناہ گاہوں میں رہنے کی اپیل کی اور خبردار کیا ہے کہ روس جان بوجھ کر شہری سہولیات کو نشانہ بنا رہا ہے۔ دوسری جانب کیف کے میئر ویتالئی کلیچکو نے وسطی پیچرِسکی ضلع میں ایک سرکاری عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ آگ غالباً روسی ڈرون مار گرائے جانے کے بعد لگی۔

روس نے ان حملوں پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ تاہم اس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی فورسز نے مختلف روسی علاقوں میں یوکرین کے 69 ڈرونز کو مار گرایا یا روک دیا۔ یوکرین پر رات گئے ہونے والے یہ حملے اس وقت ہوئے ہیں، جب ولادیمیر پیوٹن نے مغرب کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس مشکل وقت میں یوکرین کی مدد نہ کرے۔

بی بی سی کے مطابق یوکرین کی وزیرِاعظم یولیا سْوریڈینکو نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ روس کے حملے میں کیف میں کابینہ کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فیس بک پر یوکرین کی وزیرِاعظم یولیا سویریڈینکو نے لکھا کہ پہلی بار سرکاری عمارت، اس کی چھت اور بالائی منزلیں دشمن کے حملے کے باعث متاثر ہوئی ہیں، ریسکیو اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

روس کے رات گئے حملوں پر اپنے پہلے ردعمل میں یوکرین کے صدر ولاودیمیر زیلنسکی نے اتحادیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ’پیرس میں طے پائے گئے تمام معاہدوں کو نافذ کریں‘۔ ’ٹیلی گرام‘ پر اپنے پیغام میں زیلنسکی نے لکھا کہ یوکرین پر 800 سے زائد ڈرون، 4 بیلسٹک میزائلوں سمیت 13 میزائلز سے حملہ کیا گیا۔