وزیراعظم نے ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی لگادی

  • بدھ 10 / ستمبر / 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی لگادی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پالیسی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ دعا ہے سندھ میں سیلاب سے زیادہ نقصان نہ ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر کچھ لوگ اداروں اور شہدا کی تضحیک کررہے ہیں، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے فتنے کا مکمل خاتمہ کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے بہادر میجر عدنان اسلم بنوں میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتےہوئے شہید ہوئے۔ گزشتہ روز جی ایچ کیو میں ان کی نماز جنازہ میں کل ہم شریک ہوئے۔ سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ نماز جنازہ کے دوران ہماری شہید کے خاندان کے افراد سے ملاقات ہوئی، ان کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے نے شہادت دی ہے جس پر مجھے بہت فخر ہے۔ ان کے سسر بھی وہاں موجود تھے انہوں نے کہا کہ میرے داماد نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ شہید کی بہنوں نے مجھے بتایا کہ ہم ایک بہت دلیر بھائی کی بہنیں ہیں۔ ہمارے بھائی نہیں عظیم راہ میں قربانی دی ہے اور ہم بھی اسی راہ میں قربانی دیں گے، یہ وہ جذبہ ہے جس کی ایک مثال میں نے یہاں پیش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف میجر عدنان نہیں بلکہ کئی سپائی، لانس نائیک، میجر، کرنل سمیت دیگر نے اپنی قربانیوں سے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ وہ پاکستان کے دشمنوں سے لڑرہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ جو معرکہ ہوا جس میں میجر عدنان نے اپنی جان کی قربانی دی، جو توپ اور بندوق کے آگے کھڑا ہوتا ہے اس کی کیفیت کو کوئی نہیں جان سکتا اور اس کے نتیجے میں ہم نہ صرف اپنی افواج پاکستان کے شکرگزار ہیں بلکہ ان قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ کچھ لوگ ملک کے اندر زہریلا پروپیگنڈا کررہے ہیں اور سوشل میڈیا پر شہدا کی قربانیوں اور اداروں کی تضحیک کررہے ہیں۔ اس کی جتنی سخت الفاظ میں مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا آج فرض اولین ہے کہ ہم اس ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے فتنہ کا مکمل طور پر خاتمہ کریں، چاہے وہ ملک میں ہوں یا پھر سوشل میڈیا پر بیرون ملک بیٹھے آپریٹ کررہے ہیں، ان کی شناخت کریں، نفرت کارڈ ناقابل قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب نے پنجاب، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا میں بہت تباہی مچائی ہے اور اب پانی سندھ میں داخل ہورہا ہے۔ موسمیاتی چینلجز کے حوالے سے وزیر اور ان کے سیکریٹری کی ذمہ داری لگائی ہے کہ آپ نے ایک پروگرام کے ساتھ آنا ہے۔ راتوں رات موسمیاتی تبدیلیوں کو ہم راتوں رات نہیں نمٹ سکتے اور اس میں پاکستان اکیلا کچھ نہیں کرسکتا۔ سب کو مل کر کرنا ہوگا لیکن ہمارے پاس ایک روڈ میپ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ذراعت میں جو نقصان ہوا ہے اس کے لیے میں نے ذمہ داری لگائی ہے ۔ اگلے ہفتے ہی سامنے آجائے گا کہ چاول، گنا، کاٹن میں کیا نقصانات ہوئے ہیں، اس حوالے سے اگلے اجلاس میں تفصیلات بھی پیش کروں گا۔ آج کابینہ مشاورت کے بعد ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کا اعلان کررہی ہے اور ساتھ ہی احسن اقبال کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے، جس میں متعلقہ وزرا اور سیکریٹریز ہوں گے تاکہ اس پر کام شروع کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں وفاق اس میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے، وہی صوبوں کو بھی اس میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ مل کر ہی ہم اس نقصان کا ازالہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کل قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی۔