امت مسلمہ کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا: وزیراعظم

  • جمعرات 11 / ستمبر / 2025

پاکستان نے قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے اور امت مسلمہ کو اس کے مقابلے میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں دوحہ کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہمیشہ مضبوط رہیں گے۔ وزیراعظم نے اسرائیلی حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے اور امت مسلمہ کو اس کے مقابلے میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے غزہ میں قیام امن کے لیے قطر کے تعمیری ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی اشتعال انگیز کارروائیاں علاقائی استحکام اور سفارتی کوششوں کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز دی جبکہ قطر کے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا، جس میں پاکستان نے او آئی سی کے شریک میزبان بننے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

امیر قطر نے وزیراعظم کا اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت، علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورہ پر قطر پہنچ گئے دوحہ ایئرپورٹ پر قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاع شیخ سعود بن عبد الرحمٰن بن حسن الثانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شریک ہیں۔