آئی ایم ایف نے سیلاب سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کو سمجھتا ہے: وزیر خزانہ

  • اتوار 14 / ستمبر / 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہم پہلے ہی آئی ایم ایف کے پروگرام میں شامل ہیں اور آئی ایم ایف نے سیلاب سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کو سمجھ لیا ہے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ کا دورہ کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ فنڈز سے پہلے ہم اپنے وسائل استعمال کر رہے ہیں اور ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستانی عوام کس مشکل سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے سڑکیں، پل اور لوگوں کے مکانات سمیت دیگر املاک تباہ ہوئی ہیں۔ اس لیے آفت زدہ عوام کو ابھی بجلی کے بل بھیجنا مناسب نہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ اللہ کا شکرہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جانی نقصان بہت کم ہوا۔ اللہ کرے پانی جلد اترے تاکہ اگلی فصلیں کاشت ہو سکیں۔ ہم نے اس اسٹرکچر کو دوبارہ پہلے جیسا بنانا ہے۔ حالیہ سیلاب میں ریلیف آپریشن جیسی مثال تاریخ میں نہیں ملتی اور ہم افواج پاکستان کے بھی بے حد شکر گزار ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا حالیہ سیلاب سے حکومت نے کئی سبق سیکھے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم خود پیدا کردہ اس تکلیف پر سنجیدگی سے سوچیں۔ کمالیہ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے کی ضرورت دہراتے ہوئے کہا کہ ’صاف الفاظ میں کچھ نقصان ہمارا اپنا کیا ہوا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم کن علاقوں میں آبادی بسارہے ہیں اور کہاں سوسائٹیز تعمیر کر رہے ہیں۔ یا پھر زوننگ قوانین پر غور کرنا ہوگا‘۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس خود پیدا کردہ تکلیف پر سنجیدگی سے سوچیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک ترقی کررہا ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے، تاجروں اورسرمایہ کاروں کوسہولت دینا ترجیح ہے۔ حالیہ سیلاب میں ریلیف آپریشن جیسی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔