میچ ریفری تبدیل نہ کرنے پر پاکستان کا ایشیاکپ میں مزید کوئی میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ

  • سوموار 15 / ستمبر / 2025

پاکستان نے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کھیلنے کے لیے شرط رکھ دی اور واضح کیا اگر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو قومی ٹیم ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گی۔

پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو میچ ریفری کے خلاف باضابطہ طور پر آگاہ کردیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے فیصلہ کرلیا ہے کہ میچ ریفری کے ہٹانے تک پاکستان ایشیا کپ میں بقیہ میچز نہیں کھیلے گا۔

چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ پی سی بی نے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو بتایا کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق اور ایم سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے مطالبہ کیا ہے کہ میچ ریفری کو فوراً ایشیا کپ سے ہٹا دیا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بھی بھارتی ٹیم پر جرمانے عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیاکپ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا۔ ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی تھی۔

بعد ازاں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارتی رویے کے خلاف اختتامی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کی۔ علاوہ ازیں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کھیل میں سیاست کو لے آئے۔ پاکستان کے خلاف جیت کو پہلگام واقعے کے نام کر دیا تھا۔

پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں سوریا کمار یادیو نے کرکٹ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کہا کہ ’آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، پاکستان کے خلاف بھارتی آرمی کے لیے ہماری طرف سے تحفہ ہے‘۔