اسرائیل کو مغربی کنارے کا الحاق کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: ٹرمپ

  • جمعہ 26 / ستمبر / 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کو مغربی کنارے کے ساتھ الحاق کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسرائیلی وزیر اعظم جمعے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔ لیکن اس سے پہلے ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے کہا کہ ’میں اسرائیل کو مغربی کنارے کے ساتھ الحاق کی اجازت نہیں دوں گا۔ ایسا نہیں ہونے والا ہے‘۔

صدر ٹرمپ پیر کو وزیر اعظم نتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات سے پہلے انہوں نے کہا کہ غزہ کا معاہدہ ’بہت قریب‘ ہے۔ اسرائیل پر غزہ کی جنگ اور مغربی کنارے پر قبضہ ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ بڑھ رہا ہے۔

کئی مغربی ممالک رسمی طور پر فلسطین کو ایک ملک کے طور پر تسلیم کر رہے ہیں۔ وزیراعظم بنیامن نتن یاہو کی زیرقیادت اسرائیل کی حکمران اتحادی حکومت میں انتہائی قوم پرستوں نے متعدد بار مغربی کنارے کے مکمل الحاق کا مطالبہ کیا ہے جو کہ فلسطینی علاقوں کا حصہ ہے۔

برطانیہ اور جرمنی نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کو ایسے اقدام کے نتائج سے خبردار کیا ہے۔ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پیر کو تنظیم کی جنرل اسمبلی کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ یہ اقدام ’اخلاقی، قانونی اور سیاسی طور پر ناقابل برداشت ہوگا۔‘