کرک: سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن میں 17 دہشت گرد ہلاک

  • ہفتہ 27 / ستمبر / 2025

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے آپریشن میں 17 خوراج کو ہلاک کردیا گیا اور اس دوران 7 سے 10 دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع کرک میں تھانہ شاہ سلیم کے علاقے درشہ خیل میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع لکی مروت اور کرک کی باؤنڈری پر موجود علاقے میں ملا نذیر گروپ کے علاقے میں موجودگی کے اطلاع پر کیا گیا۔ 22 خوارج پر مشتمل گروہ کو درشہ خیل میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت گھیرے میں لیا گیا۔

فتنہ الخوارج کے گرد انتہائی مہارت سے گھیرا تنگ کرکے نشانہ بنایا گیا۔ آپریشن کے دوران 17 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ 7 سے 10 خوارج کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے کا امن کسی کو خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقے سے واپسی پر علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کا زبردست خیرمقدم کیا اور آپریشن کرکے واپس آنے والے اہلکاروں کے ساتھ جشن منایا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں میں 2 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔ 11 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے 3 اضلاع شمالی وزیرستان، مہمند اور بنوں میں  آپریشنز کے دوران بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے 19 خوارج کو ہلاک کیا تھا۔