کوئٹہ میں خودکش حملہ، 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید
کوئٹہ میں حالی روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹرز کے قریب دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ خودکش دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے۔ واقعے میں خودکش حملہ آور سمیت 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
صوبائی دارالحکومت میں واقع حالی روڈ پر واقع ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر سفید سوزوکی وین کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا۔ خودکش حملہ آور کے ساتھ آنے والے دہشت گردوں نے دھماکے کے بعد ایف سی ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ تاہم ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، حملے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ڈان نیوز ڈات ٹی وی کو بتایا کہ دھماکے میں 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوئے، جنہیں سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ دیگر اسپتالوں سے زخمیوں کے حوالے سے معلومات جمع کررہے ہیں۔ دہشت گردی کی کارروائی میں ایف سی ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایاگیا۔ ایف سی اہلکاروں نے بہادری سےمقابلہ کیا اور 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، تمام دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب پیش آیا، دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی کی گئی۔ دھماکے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیجز میں طویل فاصلے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اسپیشل آپریشنز کوئٹہ محمد بلوچ کے مطابق ’دھماکا اس وقت ہوا جب بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی ماڈل ٹاؤن سے حالی روڈ کی طرف فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز کے قریب مڑی‘۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں بھارتی پراکسی کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لیے جلد از جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم، نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو عبرت ناک سزا دیں گے۔ حکومت، سیکیورٹی فورسز اور قوم دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، عوام اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔