علیمہ خان تحریک انصاف میں تقسیم پیدا کررہی ہیں: علی امین گنڈا پور
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے ایک ویڈیو پیغام میں الزام لگایا ہے کہ پی ٹی آئی کو تقسیم کرنے میں علیمہ خان کا بنیادی کردار ہے۔
یہ ویڈیو جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد جاری کی گئی۔ ویڈیو میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ان کی عمران خان سے کافی عرصہ بعد ملاقات ہوئی۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ گذشتہ کچھ عرصے سے عمران خان کی ان کی بہنوں کی ملاقاتیں ہو رہی تھیں اور ان ہی کے ذریعے ہدایات آرہی تھیں۔ انہوں نے عمران خان کو آگاہ کیا کہ پچھلے چند ماہ میں کیا ہوتا رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی میں بہت تقسیم آچکی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بجٹ کے معاملہ پر انہیں، صوبائی کابینہ اور ایم پی ایز کو غدار قرار دے کر مہم چلائی گئی۔ انہوں نے عمران خان کو بتایا کہ ’مائنس عمران خان مہم کی بنیاد پر پارٹی میں تقسیم پیدا کرنے میں علیمہ خان کا بنیادی کردار ہے اور اسی وجہ سے پارٹی میں مایوسی پھیل رہی ہے۔‘
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا انہوں نے عمران خان کو آگاہ کیا ہے کہ کچھ وی لاگرز پارٹی کو نشانہ کرکے اس میں تقسیم پیدا کر رہے ہیں۔ علیمہ خان کے ان وی لاگرز سے رابطے ہیں اور وہ انہیں روکنے کے بجائے شہ دے رہی ہیں۔
ویڈیو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو بتایا کہ صحافی اور ان کے قریبی رشتہ دار حفیظ اللہ نیازی، وزیر اعظم علیمہ خان کے عنوان سے مضمون لکھ رہے ہیں۔ انہیں پارٹی کا چیئرپرسن بنانے سے متعلق مہم بھی چلائی جارہی ہے۔
’میں نے خان صاحب کو بتایا کہ ان کا ہرفیصلہ ہمیں قبول تھا، ہے اور رہے گا۔ لیکن اس طرح کی مہم اور تقسیم سے تحریک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔‘ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان صاحب فیملی میں سے کسی کو چیئرپرسن بناتے ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں۔ ’فیملی کا فرد ہمیں کسی اور سے زیادہ قابل قبول ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم کو معلوم ہے کہ 26 نومبر کو کیا ہوا، انہیں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے تمام تفصیلات سے آگاہ کر رکھا ہے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمران خان سے کہا کہ ایسے احکامات دیں جس سے پارٹی متحد ہو۔ جن لوگوں کو نو مئی کے واقعات پر سزائیں ہوئیں وہ ان مقامات پر موجود نہیں تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ علیمہ خان کا بیٹا وہاں موقع پر موجود تھا لیکن اس کی تین دن میں ضمانت ہو گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے سابق وزیرِ اعظم کو بتایا ہے کہ جو بھی اداروں سے رابطے میں ہے، وہ ان کے مشن کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کی معلومات کے مطابق ایم آئی علیمہ خان کو مدد فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے لیڈر کو سب سچ بتا کر ان سے وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل منگل کے روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے دعویِ کیا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے عمران خان سے ملاقات کے دوران ان کی شکایت لگائی تھی کہ ان کے ملٹری انٹیلی جنس سے رابطے ہیں۔ وہ پارٹی چیئرپرسن بننا چاہتی ہیں اور سوشل میڈیا بھی وہ کنٹرول کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انہیں ہنس کر بتا رہے تھے کہ علی امین گنڈاپور نے یہ سب کہا ہے۔