جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائےگا: پاک فوج
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاک فوج ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینےکےلیے تیار ہے۔ بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن اور فوری جواب دیا جائےگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس کا 272 واں اجلاس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز حالیہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے جذبے، عزم اور حوصلے کو سراہا، انہوں نے حالیہ سیلاب کے بعد سول انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امدادی اور بحالی کے اقدامات پر بھی افواج کے کردار کی تعریف کی۔
اجلاس میں انسدادِ دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، ابھرتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دشمنوں کے تمام تر عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہیں۔ شرکا نے کہا کہ دہشت گردی، جرائم اور سیاسی سرپرستی کے باہمی گٹھ جوڑ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فورم نے بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ شرکا نے کہا کہ اس طرح کا اشتعال انگیز رویہ بھارت کی سیاسی مفادات کے لیے جنگی جنون کو ہوا دینے کی پرانی روش کا عکاس ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ اجلاس نے واضح کیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ دشمن کے کسی بھی غلط فہمی پر مبنی تحفظ کے تصور کو توڑا جا سکے۔ کسی بھی ’خیالی نئے معمول‘ کا جواب پاکستان کی جانب سے ’فیصلہ کن اور فوری ردعمل‘ کی نئی پالیسی کے تحت دیا جائے گا۔
فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں جیسے فتنۃ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے نیٹ ورکس کو ہر سطح پر ختم کرنے کے لیے جامع انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ شرکا نے پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطح کی سفارتی سرگرمیوں کو اہم قرار دیتے ہوئے عالمی اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کی توثیق کی۔ فورم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے تاریخی ’اسٹریٹجک مشترکہ دفاعی معاہدے‘ کا خیرمقدم کیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنا اور مشترکہ دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اختتامی کلمات میں تمام کمانڈرز کو اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس، اختراع اور بروقت ردعمل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ فیلڈ مارشل نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان آرمی روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متناسب تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔