اورکزئی میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 جوان شہید

  • بدھ 08 / اکتوبر / 2025

خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 فوجی جوان شہید ہوگئے۔ کارروائی کے دوران 19 خوارج ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس میں بھارتی پراکسی ’فتنۃ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج واصل جہنم کر دیے گئے۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے ضلع راولپنڈی کے رہائشی 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ ضلع راولپنڈی کے رہائشی 33 سالہ میجر طیب راحت بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ جھڑپ میں دیگر 9 جوان بھی شہید ہوگئے۔

شہادت پانے والے 9 بہادر سپاہیوں میں ضلع خیبر کے رہائشی 38 سالہ نائیک صوبیدار اعظم گل، ضلع کرم کے رہائشی 35 سالہ نائیک عادل حسین، ضلع ٹانک کے رہائشی 34 سالہ نائیک گل عامر، ضلع مردان کے رہائشی 31 سالہ لانس نائیک شیر خان، ضلع مانسہرہ کے رہائشی 32 سالہ لانس نائک تالش فراز، ضلع کرم کے رہائشی 32 سالہ لانس نائک ارشد حسین، ضلع مالاکنڈ کے رہائشی 28 سالہ سپاہی طفیل خان، ضلع صوابی کے رہائشی 23 سالہ سپاہی عاقِب علی اور ضلع ٹانک کے رہائشی 24 سالہ سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی باقی بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیننگ آپریشن جاری ہے اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایتی دہشت گردی کے ناسور کو مٹانے کے عزم پر قائم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں اسی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 19 دہشت گردوں کے خاتمے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے ایک بیان میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور میجر طیب راحت سمیت پاک فوج کے دیگر بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہدا کی مغفرت اور زخمی خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔