علی امین کی جگہ سہیل آفریدی خیبر پختون خوا کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ علی امین گنڈاپور نے علیمہ خان پر سنگین الزامات لگائے تھے۔ انہوں نے علیمہ خان پرپارٹی میں تقسیم کاالزام عائد کیا تھا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی بدترین صورتحال ہے۔ صوبے میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر عمران خان غمگین ہیں اور خاص طور پر آج ضلع اورکزئی میں ہونے والے واقعے میں جوانوں کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب میرے پاس کوئی چارہ نہیں کہ میں تبدیلی کروں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے یاد دلایا کہ پچھلے دو سالوں میں یہ موقف رہا ہے کہ وفاقی حکومت کا جو طریقہ کار یا پالیسی اپنائی ہوئی ہے، وہ بالکل غلط ہے اور خیبرپختونخوا حکومت خود کو اس پالیسی سے دور کرے۔ یہ پالیسی جنگ وجدل کی پالیسی ہے۔
اس تمام عرصے میں عمران خان نے کہا کہ میں نے بار بار یہ کہا ہے کہ جب تک اسٹیک ہولڈرز (قبائل، افغان حکومت اور افغان عوام) کو شامل نہیں کیا جائے گا، تب تک خیبرپختونخوا اور پورے پاکستان میں امن نہیں ہوگا۔ ہم نے جس طرح افغان مہاجرین کو ملک بدر کیا، ان کی بےعزتی کی، اس سے ہم نے ایک ایسی نفرت بوئی ہے جس کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ 40 سال مہمان نوازی کے بعد ہم نے ایسی حرکت کی جو ناقابل معافی ہے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ایک سال سے زائد عرصے تک وزیر خارجہ رہے اور وہ ایک بار بھی کابل نہیں گئے۔ وہاں کی حکومت سے کوئی رابطہ نہیں رکھا گیا۔ جب کہ میرے دور میں دہشت گردی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی، اس ملک میں وہ حملے نہیں ہورہے تھے جو آج ہورہے ہیں۔
سلمان اکرم راجا کے مطابق عمران خان کو توقع ہے کہ سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد خیبرپختونخوا میں نئی حکومت اور نئی سوچ قائم ہوگی، جہاں افہام وتفہیم کی بات ہوگی اور معاملات کو سمجھنے کی بات ہوگی۔ جرگہ سسٹم سے معاونت حاصل کی جائے گی اور اس معاملے کو ایک دیرپا حل مہیا کیا جائے گا۔