’کاروان‘ کے علامتی اداریے: ایک ادبی تنقیدی مطالعہ

سید مجاہد علی پاکستانی النسل، ناروے میں ایک معروف صحافی ہیں، جنہوں  نے سن 1981 میں اوسلو سے ”کاروان“ کے نام سے ایک ماہانہ جریدہ شائع کرنا شروع کیا جو سن1996 تک تسلسل سے شائع ہوتا رہا۔  ”کاروان“ کی اشاعت کا مقصد ستر اور اسی کی دہائی میں ناروے آنے والے پاکستانیوں کو بالخصوص اور دیگر ایشیائی تارکین وطن کو نئے وطن یعنی ناروے کے بارے میں بنیادی معلومات فراہم کرنا اور  اس نئے ملک کی ثقافت، سیاست اور سماجیات سے متعارف کرانا اور انہیں ان کے حقوق و ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا تھا۔

 اس کے ساتھ ہی تارکین وطن کو نئے سماج میں پیس آنے والی دشواریوں، مشکلات اور مسائل کے بارے میں بھی ”کاروان“ میں خصوصی مضامین رپورٹیں اور تبصرے شائع ہوتے تھے۔سید مجاہد  علی نے ”کاروان“ کے ذریعے نارویجیئن زبان سے نابلد تارکین وطن اور نارویجئن عوام کے درمیان افہام و تفہیم  اور رواداری کا ایک پل قائم کیا، اور انہوں  نے ”گفتگو“ کے عنوان سے ماہانہ  ”کاروان“ میں اداریہ لکھنے کا ایک بڑا منفرد اور اچھوتا تجربہ کیا۔  ہندو پاکستان کی اردو صحافت میں بھی ایسا تجربہ پہلے نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے ”علامتی انداز“ میں تارکین وطن کے احساسات و مشاہدات اور زندگی کے معمولات کی ایسی تصویر کشی شروع کی جو غور و فکر کے دروازے کھولتی  اور  ترک وطن کر کے نارویجیئن  سماج میں آباد ہونے والے لوگوں کی جد وجہد اور مشکلات کا احاطہ کرتی تھی۔ پاکستان سے ترک وطن کرکے ناروے میں آبادہو جانے والے ان شہریوں کو اب ناروے میں رہتے ہوئے پچاس سال گزر چکے ہیں۔ ان گرزے ہوئے پچاس سالوں پر نگاہ ڈالنے اور نصف صدی پر محیط پاکستانی تارکین وطن کی معاشی و سماجی اور سیاسی پیش رفت کو پرکھنے کے لیے”ماہنامہ کاروان“ کے ”علامتی انداز“ میں لکھے ہوئے اداریوں کا مطالعہ حقائق کو سامنے لے آتا ہے۔  اور اس طرح”کاروان“ کے ان ”علامتی اداریوں“ کی اس دورمیں اہمیت عیاں ہو جاتی ہے۔ 

آج جب یہ اداریے یکجا ہو کر ”گفتگو“ کے نام سے کتابی شکل میں سامنے آئے ہیں تو یہ محض تحریروں کا مجموعہ نہیں رہے بلکہ ایک ایسی زندہ دستاویز بن گئے ہیں جو نصف صدی  پر محیط پاکستانی برادری کے سماجی، معاشی اور ثقافتی ارتقا کو سمجھنے کے لیے بنیادی حوالہ فراہم کرتی ہے۔ یہ اداریے محض خبری یا تجزیاتی مضامین نہیں تھے بلکہ تمثیل اور علامت کے ذریعے تارکین وطن کی نفسیات، ان کے مسائل اور مستقبل کو اجاگر کرنے کی کوشش تھی۔ اس میں جہاں سید مجاہد علی کی بصیرت اور مشاہدہ کار صحافت جھلکتی ہے، وہیں ان کی رفیقِ حیات یاسمین مجاہد کی تحریر اس داستان کو ایک گہری جذباتی اور خاندانی معنویت عطا کرتی ہے۔  یاسمین مجاہد کے تاثرات اس سفر کی گہرائی اور تنوع کو مزید اجاگر کرتے ہیں۔ یوں یہ کتاب نہ صرف ماضی کی روداد ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی اور شناخت کا ایک معتبر وسیلہ بھی ہے۔ صرف یہی نہیں اپنے اسلوب، طرز اظہار اور  طریق تحریر کے لحاظ سے یہ ادارئیے، شاندار ادبی  حیثیت بھی اختیار کر لیتے ہیں۔ تو آئیے ان اداریوں کو”ادبی  نگاہ“ سے دیکھتے ہوئے  یہ معلوم کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ، سید مجاہد علی اپنے اُس عزم میں کہا ں تک کامیاب ہوئے، جس کا اظہار انہوں نے ”کارواں‘ کی اشاعت کے آغاز پر  1981 میں کیا تھا۔

یہاں ”کاروان“ میں  کاروان کے اداریوں پر مشتمل کتاب ”گفتگو“ سے  کچھ  منتخب اداریوں کا ”ادبی تنقیدی مطالعہ“  پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ان اداریوں سے اقتباسات، میں دانستہ پیش نہیں کر رہا اور  امید کرتا ہوں کہ  قارئین متعلقہ اداریوں کا مطالعہ کر کے خود اندازہ لگا لیں گے کہ وہ ان اداریوں پر ”ادبی تنقیدی اظہارئے“  کی ان کی حیثیت کا  درست احاطہ کر سکا ہوں۔ ''کاروان'' کے اداریوں (جو علامتی اور تخلیقی انداز میں لکھے گئے تھے) کا  ادبی تنقیدی جائزہ لینے کا مقصد یہ بھی واضح  کرنا ہے کہ سید مجاہد علی ”عالمانہ ادبی اسلوب“ میں اُس وقت تارکینِ وطن کے مسائل اور ان کے حل کی نمائندگی کتنی کامیابی سے کرتے تھے۔

میں مستقل سفر ہوں اور سراپا عزم ہوں۔ میں جہد ہوں اور جہاد ہوں۔ میں مسلسل چلتے رہنے کھوجتے رہنے، جستجو کرنے اور کبھی نہ تھکنے کا نام ہوں۔ میں کاروان ہوں۔''، خود احتسابی کے اعتبار سے سید مجاہد علی کے یہ الفاظ جس طرح عملی تصویر سامنے لاتے ہیں،  وہ“ کاروان“  کے اداریوں پر مشتمل، سید مجاہد علی کی کتاب ”گفتگو“ میں شامل  اس اداریے کو پڑھنے سے آ نکھوں کے سامنے آ جاتی ہے۔

(2)

میں کون ہوں: اس اداریے میں ایک علامتی کردار قاری سے سوال کرتا ہے: ''میں کون ہوں؟'' وہ اپنے آپ کو ایک ایسے عام فرد کے طور پر متعارف کرواتا ہے جو روزگار، معاش اور بہتر زندگی کی تلاش میں وطن چھوڑ کر ناروے آیا ہے۔ یہ کردار اپنی شناخت کے بحران کا شکار ہے۔ ایک طرف وہ پاکستانی روایات اور پس منظر سے جڑا ہوا ہے، دوسری طرف نئے معاشرے (ناروے) میں قبولیت کی جدوجہد کر رہا ہے۔ اس کی زندگی تضادات سے بھری ہے، وہ نہ مکمل طور پر پاکستانی رہا ہے اور نہ ہی نارویجین سماج کا حصہ بن سکا ہے۔ اس میں ''اجنبی پن''، ''خلا''، اور ''بے نام زندگی'' کا شدید احساس ہے۔ وہ اپنی محنت، جدوجہد اور محرومیوں کے ساتھ اس سوال کو دہراتا ہے کہ ''میں کون ہوں؟''

اداریے کی فنی خوبی یہ ہے کہ یہ تحریر ایک ''علامتی بیانیہ'' ہے، سیدھا اداریہ یا تجزیہ نہیں بلکہ ایک کردار کے منہ سے کہی گئی خود کلامی ہے۔ اس میں جذبات اور نفسیاتی الجھنوں کو بڑی خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ یہ انداز اردو صحافت میں نایاب تھا، اور ''کاروان'' کی انفرادیت بھی یہی ہے کہ اس نے روایت سے ہٹ کر اداریے کو ''علامتی اظہار'' کا ذریعہ بنایا۔اس تحریر میں وہی بنیادی مسئلہ اجاگر ہوا ہے جس سے ستر اور اسی کی دہائی میں یورپ آنے والے بیشتر پاکستانی گزر رہے تھے—یعنی شناخت کا بحران۔ یہ بحران صرف معاشی یا سماجی نہیں بلکہ نفسیاتی اور جذباتی بھی تھا۔

معنویت کی گہرائی کے اعتبار سے ''میں کون ہوں '' ایک ایسا سوال ہے جو آج بھی تارکین وطن اور ان کی دوسری نسل کے لیے زندہ ہے۔ یہ اداریہ صرف ایک فرد کی کہانی نہیں بلکہ پورے پاکستانی کمیونٹی کی اجتماعی صورت حال کی علامت ہے۔ مجموعی طور پر میں کون ہوں '' ایک موثر علامتی اداریہ ہے جس نے تارکین وطن کے شناختی بحران کو بڑی شدت کے ساتھ بیان کیا۔ یہ کاروان کے مقصد، یعنی تارکین وطن کے احساسات و مسائل کو اجاگر کرنے کے عین مطابق ہے۔ یہ قاری کو جھنجھوڑنے اور سوچنے پر مجبور کرنے میں یہ اپنی مثال آپ ہے۔

سچ کی تلاش‘میں تلاش کا موضوع رہی ہے، مگر کبھی مکمل طور پر ہاتھ نہیں آتی۔ سچ کی یہ جستجو انسانی تجربے اور اجتماعی شعور کی علامت ہے۔ زبان سادہ ہے مگر علامتی گہرائی رکھتی ہے، جو قاری کو غوروفکر پر مجبور کرتی ہے۔ مزید یہ اداریہ دراصل تارکینِ وطن کی صورتِ حال کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ وہ لوگ جو اپنے ملک چھوڑ کر ایک نئے سماج میں داخل ہوتے ہیں، ان کے لیے یہ طے کرنا مشکل ہوتا ہے کہ ''سچ'' کیا ہے۔ کیا سچ ان کے ماضی میں ہے جسے وہ چھوڑ آئے ہیں؟ یا وہ حال میں ہے، جسے وہ قبول کرنے پر مجبور ہیں؟ یا پھر مستقبل میں ہے، جس کی تعمیر کے لیے وہ جدوجہد کر رہے ہیں؟ یہ سوال صرف فلسفیانہ نہیں بلکہ عملی نوعیت کا بھی ہے، کیونکہ تارکینِ وطن کو نئی شناخت کے ساتھ جینا پڑتا ہے۔اداریہ پردیس میں بسنے والوں کے ذہنی تضاد اور نفسیاتی کشمکش کو علامتی پیرائے میں اجاگر کرتا ہے۔ایک طرف پرانا وطن ہے جس کی یادیں اور اقدار ہیں۔دوسری طرف نیا وطن ہے جس کی اقدار اور حقیقتیں ہیں۔''سچ کی تلاش'' دراصل اس بات کی نمائندگی ہے کہ تارکینِ وطن کو اپنی شناخت کس بنیاد پر قائم کرنی ہے۔ اس اداریے کہ اہمیت اور موجودہ دور میں معنویتیوں دکھائی دیتی ہے کہ آج پچاس برس گزرنے کے بعد بھی تارکینِ وطن انہی سوالات سے دوچار ہیں۔ یورپ میں نئی نسل یہ طے کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے کہ، کیا وہ اپنے آبائی وطن کی ثقافت کے ساتھ جُڑے رہیں؟ یا نئی سرزمین کے اصول و اقدار کو مکمل طور پر اپنا لیں؟ یہی کشمکش آج بھی اتنی ہی تازہ اور حقیقی ہے جتنی 1980 کی دہائی میں تھی۔

  ہم بڑے اعتماد و وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ ’سچ کی تلاش‘  اپنی علامتی گہرائی اور فکری وسعت کے اعتبار سے ایک کامیاب اداریہ ہے۔ اس نے اُس وقت کے تارکینِ وطن کے ذہنی و معاشرتی مسائل کو نہ صرف اجاگر کیا بلکہ قاری کو سوچنے پر مجبور کیا کہ ''سچ'' کسی ایک جگہ یا ایک ہی وقت میں نہیں، بلکہ اس کی تلاش ایک مسلسل جدوجہد ہے۔

تریاق“ یہ اداریہ دراصل تارکینِ وطن کے اندر موجود شکایتی رویوں اور دوسروں کو قصوروار ٹھہرانے کی عادت پر ایک تنقیدی مکالمہ ہے۔ کردار اپنے حالات سے شاکی ہے، اپنے مسائل کی ذمہ داری سماج، حکومت، یا دوسرے لوگوں پر ڈالتا ہے۔ اس کے مقابل ایک دوسرا نقطہ نظر سامنے آتا ہے جو کہتا ہے کہ اصل  ’تریاق ‘ (علاج) دوسروں کو الزام دینے میں نہیں بلکہ اپنے اندر تبدیلی لانے میں ہے۔بحث اس نکتے پر جا ٹھہرتی ہے کہ اگر انسان اپنی محرومیوں کے بجائے اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرے اور محنت کو تریاق بنائے تو مسائل کا حل ممکن ہے۔ یہ تحریر سوال و جواب یا مکالمے کی صورت میں لکھی گئی ہے، جس سے اس کی اثر انگیزی بڑھ جاتی ہے۔ قاری کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ خود اس گفتگو میں شریک ہے۔ اس ادارئے ہیں بہت بڑا نکتہ یہ ہے کہ تارکینِ وطن اپنی محرومیوں کے جال میں پھنس کر اکثر معاشرتی ترقی سے دور ہو جاتے ہیں۔ یہ اداریہ انہیں جھنجھوڑ کر یاد دلاتا ہے کہ اصل علاج اپنی سوچ میں تبدیلی اور محنت ہے۔

ستر اور اسی کی دہائی میں آنے والے پاکستانی زیادہ تر مزدور پیشہ تھے۔ وہ خود کو معاشرے میں کمزور اور غیر محفوظ محسوس کرتے تھے۔ اس اداریے نے ان کے رویوں کو آئینہ دکھایا اور انہیں ذمہ داری قبول کرنے کی دعوت دی۔ اداریے کا لہجہ کہیں کہیں سخت محسوس ہوتا ہے، گویا قاری پر تنقید کر رہا ہو۔ کچھ قارئین کے لیے یہ انداز دفاعی کیفیت پیدا کر سکتا ہے۔  ’تریاق ‘ ایک بامقصد اداریہ ہے جو تارکینِ وطن کو  ’خود احتسابی ‘ اور  ’محنت پر بھروسہ ‘کرنے کی طرف بلاتا ہے۔ یہ اداریہ کاروان کے بنیادی مقصد یعنی کمیونٹی میں مثبت سوچ پیدا کرنے کا واضح مظہر ہے۔

(3)

نقطہ کمال کا زوال“  ۔اس اداریے میں  ”کاروان“ کے مدیر سید مجاہد علی نے انسان کی ترقی اور بلندی کے بعد اس کے زوال کی حقیقت کو علامتی انداز میں بیان کیا ہے۔کردار بتاتا ہے کہ ہر کامیابی اور ہر عروج کے بعد ایک وقت ایسا آتا ہے جب زوال شروع ہوتا ہے۔ یہ زوال کبھی انسان کی اپنی کمزوریوں، کبھی غرور اور کبھی حالات کے دباؤ کی وجہ سے آتا ہے۔مکالمے میں یہ سوال اٹھایا گیا کہ اگر کامیابی کے بعد زوال لازمی ہے تو پھر محنت کا حاصل کیا ہے؟ اور جواب یہ دیا گیا کہ اصل کامیابی زوال سے بچنے میں نہیں بلکہ مسلسل جدوجہد اور حالات کو قبول کر کے آگے بڑھنے میں ہے۔

اداریہ  کسی حد تک فلسفیانہ رنگ لیے ہوئے ہے۔ اور اس میں زندگی کے نشیب و فراز کو علامتی مکالمے کے ذریعے دکھایا گیا ہے۔ یہ دراصل ان پاکستانیوں کی کیفیت تھی جو چند سال محنت کے بعد بہتر زندگی تو حاصل کر چکے تھے، مگر اب وہ اپنی  ’پہچان‘،  ’اگلی نسل کی تربیت‘  اور  ’نئے معاشرے میں مقام‘جیسے نئے مسائل سے دوچار تھے۔ ان کے لیے یہ اداریہ ایک فکری تنبیہ تھی کہ کامیابی کو آخری منزل نہ سمجھیں بلکہ ہر نئے مرحلے کے لیے تیار رہیں۔ مزید یہ کہ ’نقطہ کمال کا زوال‘ ایک فکری تحریر ہے جو تارکینِ وطن کو یاد دلاتی ہے کہ کامیابی کے ساتھ ساتھ خطرات اور نئی ذمہ داریاں بھی بڑھتی ہیں۔ یہ اداریہ ان لوگوں کے لیے خاص طور پر معنی رکھتا تھا جو کچھ برسوں بعد خود کو نسبتاً مستحکم سمجھنے لگے تھے۔

نئے افق کا چیلنج“، یہ اداریہ مستقبل پر مرکوز ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ تارکین وطن نے جب ہجرت کی تو ان کے سامنے  اُس وقت صرف روزگار اور بقا کا سوال تھا۔ اب جبکہ کئی دہائیاں گزر گئیں، نئی نسل سامنے آ چکی ہے تو اصل سوال یہ ہے کہ وہ  ’نئے معاشرے ‘ کے ساتھ کیسا رشتہ قائم کرے گی۔ اداریہ بتاتا ہے کہ نئی نسل کے سامنے ایک  ’چیلنجز‘ ہیں،  جن میں،اپنی شناخت اور اقدار کو قائم رکھنا۔ نارویجین سماج میں فعال اور مثبت کردار ادا کرنااور خاص کر  اپنے والدین کی محرومیوں سے سبق سیکھنا،  شامل ہیں۔

یہ اداریہ سب سے زیادہ  ’پالیسی نوعیت ‘کا ہے۔ اس میں نہ صرف علامتی اظہار ہے بلکہ ایک سمت بھی دکھائی گئی ہے۔ ستر اور اسی کی دہائی میں آنے والے پاکستانیوں کی اولاد نوّے کی دہائی تک جوان ہو چکی تھی۔ ان کے سامنے  ’دوہری شناخت ‘ کا مسئلہ کھڑا تھا۔ یہ اداریہ اسی مسئلے کو سامنے لاتا ہے اور کمیونٹی کو مستقبل کے بارے میں سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔ ’نئے افق کا چیلنج‘ کاروان کے اداریوں میں سب سے زیادہ  ’آگے کی سوچ‘رکھنے والا اداریہ ہے۔ یہ تارکین وطن کو صرف مسائل بیان کرنے تک محدود نہیں رکھتا بلکہ انہیں مستقبل کے چیلنجز کا احساس دلاتا ہے۔

مشاہدہ“۔  یہ اداریہ قاری کو ایک مکالماتی ماحول میں لے جاتا ہے جہاں کردار سوالات کرتا ہے اور پھر جواب آتے ہیں۔ موضوع بنیادی طور پر انسان کی فطرت، حالات کے اثرات اور خارجی و داخلی عوامل کا ہے۔کردار اپنے اردگرد کے مشاہدے سے یہ نتیجہ نکالتا ہے کہ انسان کی حالت صرف بیرونی عوامل سے طے نہیں ہوتی بلکہ اندرونی قوت بھی اہم ہے۔یہ مکالمہ اس بات پر ختم ہوتا ہے کہ انسان کو حالات کا شکار ہونے کے بجائے اپنی بصیرت اور قوتِ ارادی سے اپنی تقدیر بنانی چاہیے۔فنی طور پر یہ اداریہ سب سے زیادہ مکالماتی اور علامتی انداز کا ہے۔ اس کی زبان سادہ مگر پراثر ہے۔یہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ تارکین وطن کو صرف اپنے ماحول یا حکومت کو الزام نہیں دینا چاہیے بلکہ اپنی حالت بدلنے کے لیے خود آگے بڑھنا ہوگا۔

نیا عہد“۔یہ اداریہ ایک نئے آغاز کی تمنا اور وعدے کا استعارہ ہے۔کردار سوال کرتا ہے کہ کیا ہم نے اپنی ہجرت کے بعد واقعی اپنے خواب پورے کیے یا ہم صرف گزر بسر میں لگے رہے؟ یہاں ایک نئے عہد کی بات کی جاتی ہے جس میں اپنی زندگی اور سماج کو بہتر بنانے کا عزم شامل ہے۔ یہ  ’نیا عہد ‘دراصل خود احتسابی اور مستقبل کی ذمہ داری قبول کرنے کی علامت ہے۔اس اداریے میں واضح طور پر اصلاحی اور انقلابی رنگ ہے۔ یہ قاری کو محض سوچنے پر نہیں بلکہ وعدہ کرنے پر اکساتا ہے۔ تارکین وطن کے لیے یہ پیغام نہایت اہم تھا کیونکہ وہ اپنی محنت کے باوجود اکثر مایوسی یا جمود کا شکار ہو جاتے تھے۔ یہ اداریہ ایک تحریکی اور جذباتی تحریر کے طور پر پہ بہت مؤثر ہے۔

اندھے بہرے لوگ“۔یہ اداریہ سماجی بے حسی اور غفلت پر ایک سخت تنقید ہے۔ کردار کہتا ہے کہ ہم میں سے بہت سے لوگ دیکھنے اور سننے کے باوجود اندھے اور بہرے ہیں کیونکہ ہم دوسروں کے مسائل پر آنکھ بند کر لیتے ہیں۔ یہ کیفیت خاص طور پر تارکین وطن کی کمیونٹی میں بیان کی گئی ہے جہاں لوگ اپنی کمیونٹی کے مسائل کو نظر اندازکرتے ہیں یا ذمہ داری قبول نہیں کرتے۔ پیغام یہ ہے کہ اگر ہم اپنی آنکھیں اور کان کھول لیں تو اپنے سماج کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

یہ اداریہ نہایت جاندار اور براہِ راست تنقیدی لہجے میں ہے۔ اس کا سب سے بڑا کمال یہ ہے کہ یہ محض قاری کے احساسات نہیں بلکہ اس کی غفلت کو براہِ راست چیلنج کرتا ہے۔ بعض قارئین کے لیے یہ انداز سخت یا تلخ ہو سکتا ہے لیکن ادبی و علامتی قوت کے اعتبار سے یہ بہت اثر انگیز ہے۔

(4)

’ہم بُرے ہیں ‘۔  یہ اداریہ طنزیہ اور خود احتسابی کے انداز میں لکھا گیا ہے۔ کاروان کے مدیر، سیّد مجاہد علی نے  ’ہم‘ کی تکرار کے ذریعے اجتماعی شناخت کو اجاگر کیا اور قاری کو اس سوچ پر مجبور کیا کہ اپنی کمزوریوں کو ماننا ہی دراصل اصلاح کی پہلی سیڑھی ہے۔ زبان سادہ مگر کاٹ دار ہے، جو طنز اور حقیقت دونوں کا تاثر دیتی ہے۔یہ اداریہ اُن رویوں پر روشنی ڈالتا ہے جو تارکینِ وطن کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں۔ مثلاً، وہ قوانین کا احترام نہیں کرتے۔وہ نئی سرزمین کی اقدار کو اپنانے میں ہچکچاتے ہیں۔ اور وہ  اپنی کوتاہیوں کی ذمہ داری دوسروں پر ڈال دیتے ہیں۔ یہ رویے نہ صرف نئے معاشرے میں مشکلات پیدا کرتے ہیں بلکہ خود انکی  ترقی میں بھی رکاوٹ بنتے ہیں۔

’خود احتسابی‘۔ یہ اداریہ دراصل  ’خود تنقیدی ‘ہے۔ اُس وقت تارکینِ وطن کی بڑی تعداد نئے ماحول میں ڈھلنے سے انکاری تھی۔ وہ اپنی برادری تک محدود رہ کر سوچتے اور اکثر ناکامیوں کو مقامی معاشرے کے کھاتے میں ڈال دیتے۔ اداریہ اس سوچ پر سخت تنقید کرتا ہے اور قاری کو جھنجھوڑ کر احساس دلاتا ہے کہ اگر ہم ناکام ہیں تو اس کی بڑی وجہ ہماری اپنی کوتاہیاں بھی ہیں۔ مشاہدہ بتاتا ہے کہ، یہ موضوع آج بھی اہم ہے۔ یورپ میں پاکستانی و دیگر ایشیائی کمیونٹیز اکثر یہ شکایت کرتی ہیں کہ انہیں (نسلی)  امتیاز کا سامنا ہے۔ یہ شکایت درست بھی ہو سکتی ہے، لیکن اداریہ یاد دلاتا ہے کہ خود احتسابی کے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں۔ آج بھی یہ پیغام اسی شدت سے تارکینِ وطن کی اصلاح کے لیے کارآمد ہے۔

  ’ہم بُرے ہیں ‘ایک نہایت جرات مندانہ اداریہ ہے۔ یہ ایک آئینہ ہے جس میں قاری کو اپنا چہرہ نظر آتا ہے۔ یہ اس لحاظ سے بھی  کامیاب اداریہ ہے کہ اس نے 1980 کی دہائی میں برملا یہ اعلان کیا کہ اگر ہم واقعی ترقی چاہتے ہیں تو اپنی خامیوں کو تسلیم کرنا ہوگا۔

’آج اور کل‘۔  کاروان کے اس  اداریہ میں  وقت کے تسلسل — ’آج ‘ اور  ’کل‘ — کو علامت کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔ اس میں ماضی اور حال کا تقابل ہے اور مستقبل کی جھلک بھی۔ زبان میں فکری سنجیدگی ہے اور اسلوب نصیحت آمیز مگر ہلکے طنز کے رنگ لیے ہوئے ہے۔ اداریہ اس حقیقت پر روشنی ڈالتا ہے کہ تارکینِ وطن اکثر اپنے حال سے نالاں رہتے ہیں اور ماضی کو رومانوی بنا کر دیکھتے ہیں۔ اگر مستقبل کو روشن بنانا ہے تو ’آج‘ کی قربانیاں اور محنت ناگزیر ہیں۔ ماضی کی یادیں خوشگوار ہو سکتی ہیں مگر ان میں جینے سے ترقی نہیں ہوتی۔ مستقبل کی امید تب ہی حقیقت بن سکتی ہے جب آج کو سنجیدگی سے گزارا جائے۔یہ اداریہ ان مشکلات کو اجاگر کرتا ہے جو نئی سرزمین میں آباد لوگ روزمرہ محسوس کرتے ہیں، مثلاً، معاشی دباؤ، ثقافتی کشمکش، شناخت کا بحران وغیرہ۔  ”کاروان“ کے مدیر نے اس اداریے  میں باور کرایا ہے کہ مستقبل کی کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب حال میں ذمہ داری کے ساتھ جیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ  اداریہ آج بھی نئی نسل کے لیے رہنمائی کا پہلو رکھتا ہے۔ تارکینِ وطن کی دوسری اور تیسری نسل کے نوجوان اکثر یہ سوچتے ہیں کہ ان کا  ’کل‘ کیا ہوگا۔ پیغام واضح ہے: آج اگر تعلیم، محنت اور قربانی کے ساتھ جیا جائے تو کل ضرور بہتر ہوگا۔  ’آج اور کل‘  نہ صرف فلسفیانہ سطح پر بلکہ عملی سطح پر بھی ایک بامعنی اداریہ ہے۔ یہ قاری کو بتاتا ہے کہ وقت کا صحیح استعمال ہی شناخت اور کامیابی کی ضمانت ہے۔

’تنہا‘۔یوں تو ”کاروان“ کا ہر ایک اداریہ اپنی منفرد اہمت رکھتا ہے لیکن  میری نظر میں یہ اداریہ  ”تنہا“ سب سے زیادہ جذباتی اور دل کو چھونے والا ہے۔  جس میں  ’تنہائی‘ کو علامت کے طور پر استعمال کیا گیا ہے جو پردیس میں بسنے والے ہر شخص کے دل کی آواز ہے۔ زبان نرم، اداس مگر حقیقت پسندانہ ہے۔اداریہ پردیس میں تنہائی کے کرب کو بیان کرتا ہے، اپنوں سے دوری، اجنبی سماج میں بیگانگی، ثقافتی اور جذباتی فاصلہ، ییہ احساس ہر تارکِ وطن کو ہوتا ہے، چاہے وہ معاشی طور پر کتنا ہی کامیاب کیوں نہ ہو۔ اداریہ ان نفسیاتی مسائل کی نمائندگی بھی کرتا ہے جو اکثر نظرانداز ہو جاتے ہیں۔ بہت سے تارکینِ وطن اپنی تنہائی کو چھپاتے ہیں۔ انہیں لگتا ہے کہ وہ اپنی قربانیوں کے باوجود  ’اکیلے ‘ہیں۔ یہ احساس انہیں کبھی کبھی مایوسی کی طرف بھی دھکیل دیتا ہے۔

اس اداریہ کی اہمیت اور موجودہ دور میں معنویت کو جاننے کے لئے اس کا گہرائی سے مطالعہ کرنا ضروری ہے۔ آج جب تارکینِ وطن کی دوسری اور تیسری نسل بھی یورپ میں پروان چڑھ چکی ہے،  ’تنہائی‘ کا مسئلہ ایک نئی شکل میں موجود ہے۔ بزرگ والدین جو پردیس میں بوڑھے ہو گئے ہیں، وہ اپنے بچوں کے بیچ بھی  ’تنہا‘ محسوس کرتے ہیں۔ اداریہ اس درد کو اجاگر کرتا ہے جو نصف صدی گزرنے کے باوجود بھی کم نہیں ہوا۔ لہذا یہ ماننا پڑتا ہے کہ،  یہ اداریہ،  ’تنہا ‘ اپنے موضوع اور جذباتی اثر کے لحاظ سے نہایت کامیاب اداریہ ہے۔ یہ صرف تارکینِ وطن کی کہانی نہیں بلکہ ہر اُس شخص کی آواز ہے جو کسی نئے سماج میں اپنی جگہ تلاش کرتے کرتے تھک گیا ہے۔

(5)

اسمِ آب“۔  یہ اداریہ ایک علامتی تمثیل ہے جس میں پانی کو زندگی، تسلسل اور بقا کی علامت کے طور پر برتا گیا ہے۔ مدیر سید مجاہد علی نے یہ دکھایا ہے کہ پانی کی طرح انسان کی زندگی اور معاشرہ بھی ایک بہاؤ چاہتا ہے۔ اگر یہ بہاؤ رُک جائے تو تعفن اور جمود پیدا ہوتا ہے۔ تارکین وطن کے پس منظر میں  ’اسمِ آب‘  یہ پیغام دیتا ہے کہ جو لوگ وطن چھوڑ کر نئے دیس آتے ہیں، ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے وجود اور زندگی کو جمود کا شکار نہ ہونے دیں، بلکہ نئے ماحول میں ڈھل کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔ علامتی اسلوب بہت منفرد ہے۔ سید مجاہد علی نے  ’پانی ‘کو زندگی اور تارکینِ وطن کی جدوجہد کے استعارے کے طور پر برتا ہے۔ اس میں شاعرانہ کیفیت اور فکری گہرائی موجود ہے، جو عام صحافتی اداریے کو ایک  ’ادبی مضمون‘ کی سطح پر لے جاتی ہے۔ یہ اداریہ براہِ راست مسائل یا پالیسی پر بات نہیں کرتا، بلکہ ایک عمومی اور علامتی زبان میں قاری کو سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔ اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ  ’کاروان‘ صرف خبریں یا تجزیے دینے کے بجائے قاری کی فکری تربیت بھی چاہتا تھا۔

ہو کا عالم“۔اس  اداریے میں تارکین وطن کے لیے یہ پیغام چھپا ہوا ہے کہ جمود، تنہائی اور مایوسی کے بجائے وہ نئے معاشرے کے بہاؤ میں شامل ہوں۔ ورنہ جیسے رکا ہوا پانی بدبو پیدا کرتا ہے، ویسے ہی معاشرتی جمود ان کی زندگی کو تعفن زدہ کر دے گا۔ اس وقت یعنی1981 کے بعد کے دور میں پاکستانی تارکینِ وطن کی بڑی تعداد فیکٹریوں، مزدوری اور چھوٹے موٹے کاموں میں مصروف تھی۔ ان کے سامنے زبان، ثقافت اور سماج میں ’ضم‘ ہونے کے مسائل تھے۔ اس علامتی اداریے نے انہیں یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ وہ  ’جمود ‘ میں نہ رہیں بلکہ نئے معاشرے کا حصہ بنیں۔ اور آج کے دور میں نصف صدی گزرنے کے بعد بھی تارکین وطن کے مسائل (خاص طور پر نئی نسل کے لیے شناخت اور معاشرتی انضمام کے سوالات) اہم ہیں۔ اس اداریے کا پیغام آج بھی بامعنی ہے کہ ’بہاؤ ‘ہی زندگی ہے۔اداریہ بھی  واضح کرتا ہے کہ نئے دیس میں بسنے والے اکثر اپنی جڑوں سے کٹے ہوئے محسوس کرتے ہیں۔ یہ  ’ہو کا عالم‘دراصل ان کی الجھن اور ذہنی تنہائی کی عکاسی ہے۔

ستر اور اسی کی دہائی کے تارکین وطن کے لیے اجنبیت اور تنہائی بہت بڑا مسئلہ تھی۔ یہ اداریہ ان کے دل کی آواز تھا۔ اور آج نئی نسل کے لیے یہ کیفیت کچھ کم ہو چکی ہے کیونکہ وہ یہاں پیدا ہوئی ہے، مگر  ’ڈبل آئیڈنٹٹی‘ (dual identity)  کا مسئلہ اب بھی اسی  ’ہو‘کی شکل اختیار کرتا ہے۔ لہٰذا یہ کہنا بالکل بجا ہو گا کہ یہ اداریہ اپنے علامتی انداز میں تارکین وطن کی نفسیاتی کیفیت کو بہت کامیابی سے بیان کرتا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ”کاروان“ نے محض معلومات دینے کے بجائے قاری کے دل کی آواز کو زبان دینے کی کوشش کی۔

گھر بنانا چاہیے“ ۔یہ اداریہ بنیادی طور پر تارکینِ وطن کو یہ پیغام دیتا ہے کہ انہیں نئے دیس میں  ’گھر‘  بنانا چاہیے، یعنی محض مہمان یا عارضی مسافر بن کر نہ رہیں۔ اس میں ایک علامتی قصہ بھی ہے کہ کس طرح اجنبی جگہ پر رہنے کے باوجود انسان کو اپنا گھر بسانے کا ہنر آنا چاہیے، ورنہ وہ ہمیشہ اجنبی رہے گا۔ یہ اداریہ بالکل برمحل تھا، کیونکہ بیشتر پاکستانی تارکین وطن نے کئی سال تک  ’واپسی ‘ کا خواب دیکھا مگر حقیقت میں یہ ممکن نہ ہو سکا۔ آج نئی نسل نے تو یہیں کو اپنا مستقل وطن مان لیا ہے، مگر پرانی نسل کے لیے یہ پیغام آج بھی معنی رکھتا ہے کہ معاشرتی انضمام ہی اصل کامیابی ہے۔  یہ اداریہ بہت واضح اور مضبوط پیغام رکھتا ہے۔ سید مجاہد علی نے علامتی انداز میں وہی بات کہی جو پالیسی ساز ادارے بھی کہتے تھے یعنی ”تارکینِ وطن کو اپنے مستقبل کا فیصلہ واضح کرنا چاہیے“۔

اس داریے کی  خوبی ہے کہ اس میں تمثیل اور کہانی کے انداز سے بات کو زیادہ مؤثر بنایا گیا ہے۔ قاری محض نظریاتی گفتگو نہیں پڑھتا بلکہ ایک قصے میں ڈوبا محسوس کرتا ہے۔یہ براہِ راست تارکین وطن کے ایک بڑے مسئلے (عارضی سوچ) پر روشنی ڈالتا ہے۔ اکثر لوگ یہ سمجھتے تھے کہ وہ چند سال بعد واپس وطن لوٹ جائیں گے، مگر حقیقت میں وہیں کے ہو گئے۔ یہ اداریہ اسی غلط فہمی کو توڑتا ہے۔ اس کا ایک سماجی پہلو یہ بھی ہے کہ،  گھر بنانا صرف مکان بنانے کا نام نہیں، بلکہ نئے سماج میں اپنے آپ کو تسلیم کرانا، بچوں کو تعلیم دینا، زبان سیکھنا اور اپنے حقوق و ذمہ داریوں کو اپنانا ہے۔اس وقت یہ اداریہ بالکل برمحل تھا، کیونکہ بیشتر پاکستانی تارکین وطن نے کئی سال تک  ’واپسی‘ کا خواب دیکھا مگر حقیقت میں یہ ممکن نہ ہو سکا۔ آج: نئی نسل نے تو یہیں کو اپنا مستقل وطن مان لیا ہے، مگر پرانی نسل کے لیے یہ پیغام آج بھی معنی رکھتا ہے کہ معاشرتی انضمام ہی اصل کامیابی ہے۔یہ اداریہ بہت واضح اور مضبوط پیغام رکھتا ہے۔

سفر مسلسل“۔ کاروان کا یہ اداریہ ہجرت کی پوری کہانی کو ایک مسلسل سفر سے تعبیر کرتا ہے۔ ہجرت ختم نہیں ہوتی، بلکہ ایک نئے دیس میں قدم رکھنے کے بعد بھی ایک اور سفر شروع ہوتا ہے۔ یہ سفر شناخت کا، مقام کا، قبولیت کا اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کا ہے۔ اداریے کا عنوان خود بہت خوبصورت ہے:  ’سفر مسلسل‘۔ تحریر میں شاعرانہ روانی ہے اور فلسفیانہ گہرائی بھی۔ قاری کو یہ احساس دلایا گیا ہے کہ ہجرت کوئی ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے۔اس میں تارکین وطن کی روزمرہ زندگی کے مسائل اور ان کے مستقل جدوجہد کو ایک بڑے تناظر میں دیکھا گیا ہے۔ یہ محض ہجرت کی روداد نہیں بلکہ ایک سماجی و ثقافتی تجزیہ بھی ہے۔ یہ واضح کرتا ہے کہ نسل در نسل یہ سفر جاری رہے گا۔ پہلے والدین کے لیے بقا کا سفر تھا، پھر بچوں کے لیے شناخت اور مقام کا، اور اب نئی نسل کے لیے کامیابی اور برابری کا سفر ہے۔

سن انیس سو ستر اور اسی کی دہائی میں ہجرت کو اکثر وقتی مرحلہ سمجھا جاتا تھا، مگر یہ اداریہ حقیقت واضح کرتا ہے کہ یہ ایک مسلسل عمل ہے جو ختم نہیں ہوتا۔ اور آج جب پاکستانی برادری ناروے میں نصف صدی گزار چکی ہے، تو  ’سفر مسلسل ‘  کا تصور اور بھی زیادہ حقیقت پسندانہ لگتا ہے۔ اب تیسری نسل اپنے سفر پر ہے۔

یہ اداریہ بہت گہری معنویت رکھتا ہے اور آج بھی پوری طرح بامعنی ہے۔ یہ ”کاروان“ کی اس فکری بصیرت کا عکاس ہے کہ اس نے ہجرت کو وقتی مرحلے کے بجائے ایک تاریخی و سماجی تسلسل کے طور پر دیکھا۔ ان علامتی اداریوں کا مطالعہ بتاتا ہے کہ سید مجاہد علی نے ''کاروان'' کے ذریعے جو دعویٰ کیا تھا،  یعنی تارکین وطن کی فکری رہنمائی اور ان کے مسائل کو تخلیقی انداز میں اجاگر کرنا،   وہ آخری حد تک پورا ہوا۔ یہ اداریے صرف صحافتی تحریریں نہیں بلکہ ادبی و فکری سرمایہ بھی ہیں۔آج نصف صدی بعد بھی ان کا پیغام بامعنی ہے، اور یہ ثابت کرتا ہے کہ ”کاروان“ محض ایک جریدہ نہیں بلکہ ایک فکری اور ثقافتی دستاویز تھی۔ انہوں نے تارکینِ وطن کی نفسیاتی، سماجی اور تہذیبی الجھنوں کو علامتی زبان میں بیان کیا۔

سید مجاہد علی کے لکھے، ”کاروان کے علامتی اداریے“  نہ صرف اپنے وقت میں تارکین وطن کی راہنمائی کے لیے اہم تھے بلکہ آج بھی ان کی معنویت قائم ہے۔ یہ تحریریں ایک ایسی فکری اور ثقافتی دستاویز ہیں جو پاکستانی مہاجرین کی اجتماعی نفسیات اور تاریخی سفر کو محفوظ کرتی ہیں۔ ان اداریوں نے کاروان کو محض ایک جریدہ نہیں بلکہ ایک فکری تحریک بنا دیا۔

کاروان کے ان اداریوں کا مجموعی ”ادبی تنقیدی جائزہ“  ثابت کرتا ہے کہ،  یہ  اداریے اپنی علامتی اور تخلیقی اندازِ بیان کے سبب اردو صحافت میں ایک منفرد تجربہ ہیں۔ سید مجاہد علی نے سیدھی سادی رپورٹنگ یا براہِ راست نصیحت کرنے کے بجائے  ’علامات‘ اور   ’استعاروں ‘ کا سہارا لے کر قاری کو سوچنے پر مجبور کیا۔ یہ اسلوب نہ صرف ادبی حسن پیدا کرتا ہے بلکہ عام قاری کے احساسات کو براہِ راست چھوتا ہے۔ ان اداریوں میں تارکینِ وطن (پاکستانیوں) کے بڑے پہلو اجاگر کیے گئے، فکری و روحانی کشمکش، اخلاقی و سماجی کمزوریاں، وقت اور محنت کی اہمیت، جذباتی و نفسیاتی تنہائی یہ چاروں رخ مل کر پردیس کی زندگی کی ایک جامع تصویر پیش کرتے ہیں، جس میں امید بھی ہے اور درد بھی۔

یہ اداریے اُس دور کے قاری کو نہ صرف آئینہ دکھاتے تھے بلکہ نئے سماج میں جینے کے اصول بھی بتاتے تھے۔ اہم بات یہ ہے کہ ان میں صرف شکایت نہیں، بلکہ خود احتسابی، محنت اور شعور کی دعوت موجود ہے۔ یہی  وجہ ہے کہ پچاس برس گزرنے کے بعد بھی ان اداریوں نے اپنی تازگی اور معنویت نہیں کھوئی۔ آج کی دوسری اور تیسری نسل بھی انہی سوالات سے دوچار ہے یعنی، سچ کہاں ہے؟، ہماری خامیاں کیا ہیں؟، مستقبل کیسے سنوارا جائے؟، اور پردیس میں رہتے ہوئے تنہائی کو کیسے جھیلا جائے؟

ان اداریوں نے واقعی وہی کردار ادا کیا جس کا دعویٰ  ’کاروان‘ کی اشاعت کے وقت  اِس کے مدیر سیّد مجاہد علی نے کیا تھا، یعنی نئے ملک کے سماج سے مکالمہ کرنا، تارکینِ وطن کو آئینہ دکھانا، اور اور آگے بڑھنے کی راہیں سجھانا۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ یہ  ’علامتی اداریے ‘ اردو صحافت ہی نہیں بلکہ تارکینِ وطن کی اجتماعی یادداشت کا بھی ایک قیمتی حصہ ہیں۔  اب ”گفتگو“ کے عنوان سے سید مجاہد علی نے ان اداریوں کو ایک کتابی صورت میں پیش کر کے ناروے میں پاکستان تارکین وطن کی  نصف صدی پر محیط ”مہاجرت کی تاریخ“  آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کردی ہے۔

(نصر ملک کوپن ہیگن میں   مقیم ممتاز صحافی ، ادیب اور مترجم ہیں۔ وہ اپنی اہلیہ ہما نصر کے ساتھ مل کر اردو ڈینش ڈکشنری بھی مرتب کرچکے ہیں۔ وہ اردو سروس، ریڈیو ڈنمارک کے سابق ایڈیٹر ہیں)