پنجاب بھر میں ٹی ایل پی کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 ہزار سے زائد کارکن گرفتار
پنجاب بھر میں پرتشدد احتجاج پر تحریک لبیک پاکستان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ گرفتار کارکنوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پرتشدد احتجاج میں ملوث ملزمان کی گرفتاریاں فہرستوں کے مطابق جاری ہیں۔ صوبے بھر میں 5 ہزار 100 ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں۔
پنجاب پولیس کے مطابق لاہور میں 624 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ فیصل آباد میں بھی 145 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پولیس افسران نے مذہبی جماعت کی آج ہڑتال کی کال کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹیں اور بازار کھلے ہیں، دکانیں زبردستی بند کروانے پر سخت کارروائی ہوگی۔
ادھر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ٹی یل پی کے کارکنوں کے خلاف باغبانپورہ تھانے میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار 11 ملزمان کو دس دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بھی مذہبی جماعت کے 30 سے زائد گرفتار کارکنوں کو شناخت پریڈ کے لیے 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تک پنجاب بھر میں جاری کریک ڈاؤن میں گرفتاریوں کی تعداد 3400 تک پہنچی تھی جبکہ لاہور سے گرفتار ملزمان کی تعداد 326 تھی۔ پولیس نے بتایا تھا کہ اشتعال انگیزی، احتجاج میں ملوث ملزمان کی گرفتاری فہرستوں کے مطابق جاری ہے۔ فوٹیجز کی مدد سے براہ راست تشدد اور توڑ پھوڑ میں ملوث ملزمان کی نشاندہی جاری ہے۔ ملزمان کو اے، بی اور سی کیٹیگری میں تقسیم کرکے گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے لاہور اور مریدکے سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک کے کارکنوں کی جانب سے پرتشدد احتجاج کے باعث نظام زندگی متاثر ہوا تھا۔
اس دوران پنجاب کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی منظوری دیتے ہوئے سمری وفاقی حکومت کو ارسال کردی ہے صوبے میں نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ نماز اور خطبے کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں نے ایک ماہ میں اسلحہ جمع نہ کرایا تو دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مذہب کے نام پر اپنی سوچ مسلط کرنا قابل قبول نہیں۔ احتجاج کی اس وقت کال دی گئی جب غزہ میں جنگ بندی ہوگئی۔ غزہ جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کی دنیا معترف ہے۔ پرتشدداحتجاج کرنے والےملک اور قوم کے ہمدرد نہیں ہوسکتے۔ وزیراطلاعات نے پنجاب کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کابینہ نے ٹی ایل پی پرپاپندی کی منظوری دے دی ہے، انتہا پسند جماعت پر پابندی کی سمری وفاقی حکومت کو بھیج دی ہے۔