آج دوحہ میں پاک افغان مذاکرات ہوں گے: سفارتی ذرائع

  • جمعہ 17 / اکتوبر / 2025

سفارتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان آج دوحہ میں مذاکرات ہوں گے۔ طالبان وفد کی قیادت وزیر دفاع ملا یعقوب جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت سینئر سیکیورٹی حکام کریں گے۔ طالبان حکومت کی جانب سے عارضی جنگ بندی کے بعد مذاکرات کی درخواست کی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی جھڑپوں کے بعد پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان آج دوحہ میں مذاکرات ہوں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق سفر کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے بعد طالبان حکومت نے اپنے وفد کو تبدیل کیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے 15 اکتوبر کو افغان طالبان کی سیز فائر کی درخواست پر اگلے 48 گھنٹوں کے لیے عارضی جنگ بندی کا فیصلہ کیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے افغان طالبان کی درخواست پر شام 6 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کے لیے عارضی سیز فائر کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں اطراف بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کریں گے۔

دریں اثنا ترجمان طالبان حکومت ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’افغان فورسز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جنگ بندی کی اُس وقت تک پاسداری کریں، جب تک کوئی جارحیت نہیں کی جاتی‘۔

واضح رہے کہ 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب افغان طالبان نے پاکستان پر بلااشتعال فائرنگ کر دی تھی۔ طالبان سرحدی فورسز کے مطابق پاکستانی فضائی حملوں کے ردعمل میں افغان سرحدی فورسز مشرقی علاقوں میں بھاری لڑائی میں مصروف رہیں۔

اسلام آباد نے کابل پر زور دیا تھا کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی کو اپنی سرزمین پر پناہ دینے سے باز رہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں درجنوں افغان فوجی مارے گئے اور عسکری گروہ مؤثر اور شدید جوابی کارروائی کے باعث پسپا ہو گئے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے افغان طالبان کی جانب سے جارحیت پر آج اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ڈان نیوز کے مطابق مغربی سرحد پر افغان طالبان کی جارحیت کے تناظر میں وزیراعظم شہبازشریف نے ملکی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کیا ہے، اعلیٰ سطح کےاجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزادکشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان کے ساتھ جاری کشیدگی پر غور کیا جائے گا۔ وزیراعظم شرکا کو اہم حکومتی فیصلوں پر اعتماد میں لیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات ہوں گے، افغان وفد کی قیادت وزیر دفاع ملا یعقوب کریں گے جبکہ پاکستان کی جانب سے سینئر سیکیورٹی حکام شرکت کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغان حکومت کی درخواست پر 48 گھنٹے کے لیے سیز فائر کیا گیا ہے، اگر وہ ہماری جائز شرائط پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں، اب گیند کابل کے کورٹ میں ہے۔