غزہ جنگ بندی قائم رہے گی: صدر ٹرمپ کی یقین دہانی
آمریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دے کر کہا ہے کہ ’کچھ بھی‘ غزہ میں جنگ بندی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں درجنوں ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
امریکی صدر نے ایشیا کے دورے کے دوران ایئر فورس ون پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’انہوں نے ایک اسرائیلی فوجی کو مار ڈالا تھا تو اسرائیلیوں نے جواب دیا، ان کا جواب دینا بنتا تھا۔‘ حماس اس الزام کی تردید کرتی ہے۔
اس سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی کہہ چکے ہیں کہ غزہ شہر پر اسرائیلی حملوں کے باوجود غزہ میں جنگ بندی برقرار ہے جبکہ اسرائیل اور حماس ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگا رہے ہیں۔
وینس نے صحافیوں کو بتایا کہ ’جنگ بندی برقرار ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہاں، وہاں چھوٹی چھوٹی جھڑپیں نہیں ہوں گی۔‘
غزہ میں شہری دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ پر جاری اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 38 افراد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ان حملوں میں گھروں، سکولوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایک مقامی چینل الاقصیٰ ٹی وی نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ منگل کے روز ہونے والے حملوں میں 22 بچوں سمیت 59 فلسطینی ہلاک جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔