ہنگو میں پولیس قافلے پر حملہ، ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار زخمی

  • اتوار 02 / نومبر / 2025

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں پولیس قافلے پر آئی ای ڈی حملے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ دوآبہ میں پولیس قافلے کو آئی ای ڈی حملے کا نشانہ اس وقت بنایا گیا جب پولیس افسران سرچ آپریشن سے واپس آ رہے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ دوآبہ عمران الدین سمیت زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جب کہ ضلع بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں رکھا پرانا بارودی مواد پھٹنے سے دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سی ٹی ڈی پشاور میں دھماکے اور ضلع ہنگو کے علاقہ دوآبہ میں پولیس گاڑی پر آئی ای ڈی حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹس طلب کرلی ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے واقعات کی وجوہات جاننے اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور دھماکے میں سی ٹی ڈی اہلکار کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے ہنگو دھماکے میں زخمی ایس ایچ او اور اے ایس آئی کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اور سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے۔