افغان طالبان عبوری حکومت میں پاکستان مخالف لابی سرگرم ہے: دفتر خارجہ

  • اتوار 09 / نومبر / 2025

وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ افغان طالبان عبوری حکومت میں پاکستان مخالف لابی سرگرم ہے۔ مسلح دہشت گردوں کو زبردستی سرحد پار دھکیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور، برادر ممالک ترکی اور قطر کی ثالثی میں 7 نومبر 2025 کو استنبول میں مکمل ہوا۔ پاکستان برادر ممالک ترکی اور قطر کی ان مخلصانہ کوششوں کی دل سے قدر کرتا ہے جو انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان دہشت گردی کے اُس بنیادی مسئلے پر ثالثی کے لیے کیں، جو افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف جاری ہے۔

گزشتہ چار برسوں سے جب سے افغانستان میں طالبان حکومت برسر اقتدار آئی، افغان سرزمین سے پاکستان پر دہشت گرد حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان برسوں کے دوران پاکستان نے فوجی اور شہری جانی نقصان اٹھانے کے باوجود انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور جوابی کارروائی سے گریز کیا۔

ان برسوں میں پاکستان نے افغانستان کے ساتھ مثبت تعلقات قائم رکھنے کی کوشش بھی کی جس کے تحت دوطرفہ تجارت میں سہولتیں فراہم کی گئیں اور انسانی بنیادوں پر امداد دی گئی۔ پاکستان کی نیت ہمیشہ یہی رہی ہے کہ افغانستان ایک مستحکم، پُرامن اور خوشحال ملک بنے جو اپنے اندر اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن سے رہے۔

تاہم پاکستان کی جانب سے تجارت، انسانی امداد، تعلیمی و طبی ویزوں میں سہولت، اور بین الاقوامی فورمز پر طالبان حکومت کے ساتھ مثبت رابطے کی ترغیب دینے کے باوجود، طالبان حکومت کی جانب سے محض کھوکھلے وعدے اور عدمِ عمل کے سوا کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی بنیادی توقع کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے،  پر عمل کرنے کے بجائے طالبان حکومت ہمیشہ ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات سے گریز کرتی رہی ہے۔

وہ اصل مسئلے یعنی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے غیر متعلقہ اور فرضی معاملات کو سامنے لاتی رہی ہے۔ اس طرح طالبان حکومت ایک ایسا بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کرتی رہی ہے جو اسے بین الاقوامی برادری اور اپنے عوام کے سامنے اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ظاہر کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جو کوئی بھی ترکی اور قطر کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کا جائزہ لے، وہ آسانی سے سمجھ سکتا ہے کہ طالبان حکومت کا اصل مقصد صرف عارضی جنگ بندی کو طول دینا تھا۔ بغیر اس کے کہ وہ ٹی ٹی پی/ فتنۃ الخوارج اور بی ایل اے/فتنۃ الہندوستان عناصر کے خلاف ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کرتی۔ اس کے برعکس، افغان حکومت نے پاکستان کے خلاف جھوٹے الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے مذاکرات کو طول دیا اور کسی ٹھوس نتیجے تک پہنچنے کی کوششوں کو ناکام بنایا۔

طالبان حکومت افغانستان میں موجود پاکستانی دہشت گردوں کے مسئلے کو انسانی ہمدردی کے پردے میں چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ آپریشن ضربِ عضب (2015) کے بعد، ٹی ٹی پی/ فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد افغانستان فرار ہو گئے تھے۔ انہوں نے افغان طالبان کی ایساف اور اس وقت کی افغان حکومت کے خلاف جنگ میں مدد کی تھی۔ اب طالبان حکومت ان دہشت گردوں اور ان کے خاندانوں کو پناہ دے رہی ہے۔ یہی دہشت گرد افغانستان میں تربیتی کیمپ چلا کر پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں کر رہے ہیں۔

پاکستان نے طالبان حکومت سے ان دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے، لیکن طالبان حکومت نے بارہا انکار کیا ہے۔ یہ کہہ کر کہ ان کے قابو میں نہیں۔ اب یہ معاملہ صلاحیت سے زیادہ نیت کا بن چکا ہے۔ طالبان حکومت کے کھوکھلے وعدے اپنی افادیت کھو چکے ہیں۔ پاکستان کے عوام اور ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے اب ٹھوس اور حتمی اقدامات ضروری ہیں۔ طالبان حکومت ٹی ٹی پی/ فتنۃ الخوارج اور بی ایل اے/فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کو پناہ گزین ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لیکن یہ انسانی یا پناہ گزینوں کا معاملہ نہیں بلکہ دہشت گردوں کو پناہ گزین بنا کر پیش کرنے کا ایک فریب ہے۔

پاکستان ہر اس پاکستانی کو واپس لینے کے لیے تیار ہے جو افغانستان میں مقیم ہے، بشرطیکہ انہیں طورخم یا چمن کی سرحدی گزرگاہوں پر باضابطہ طور پر حوالے کیا جائے، نہ کہ انہیں جدید ہتھیاروں سے لیس کرکے سرحد کے اُس پار دھکیلا جائے۔ پاکستان نے کبھی کابل میں کسی حکومت کے ساتھ بات چیت سے انکار نہیں کیا۔ تاہم پاکستان کسی دہشت گرد تنظیم، خواہ وہ ٹی ٹی پی/ فتنۃ الخوارج اور بی ایل اے/فتنۃ الہندوستان ، کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان طالبان میں ایسے عناصر موجود ہیں جو پاکستان کے ساتھ تصادم نہیں چاہتے مگر ایک مضبوط گروہ جو بیرونی عناصر کی مالی مدد سے سرگرم ہے، کشیدگی بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

اپنی حکومت کے اندرونی اختلافات کو ختم کرنے اور جائز حیثیت حاصل کرنے کی کوشش میں، طالبان حکومت کے بعض عناصر اور پاکستان مخالف دہشت گرد گروہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کو مفید سمجھتے ہیں۔ ان کے بیانات اور الزامات پاکستان کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کو ہوا دے رہے ہیں، جس سے وہ پاکستان میں موجود اپنی باقی ماندہ نیک نامی بھی کھو رہے ہیں۔

طالبان حکومت کے کچھ عناصر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان میں افغان پالیسی پر اختلافات ہیں۔ لیکن یہ ایک گمراہ کن پروپیگنڈا ہے۔ پاکستانی عوام میں اس معاملے پر مکمل اتفاق ہے کہ افغانستان میں چھپے دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے سب سے بڑے متاثرین خود پاکستانی عوام ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ پاکستان کے مفادات اور عوام کی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستان اپنے تمام اندرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے بارہا طالبان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان پر حملے کرنے والے دہشت گردوں کی حمایت بند کرے۔ اگست 2021 کے بعد افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی میں اضافے کے ٹھوس اور مستند شواہد کے پیشِ نظر طالبان حکومت نہ تو اس حقیقت سے انکار کر سکتی ہے اور نہ ہی اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ ہو سکتی ہے۔

اسی طرح طالبان حکومت کے بعض عناصر پاکستان میں پشتون قوم پرستی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ پاکستان کے پشتون ایک متحرک، قومی دھارے کا حصہ ہیں اور سیاست و انتظامیہ کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ پاکستان میں افغانستان سے زیادہ پشتون آباد ہیں۔ لہٰذا طالبان حکومت کو پاکستان میں پشتون قوم پرستی کو ہوا دینے کے بجائے اپنے ملک میں تمام نسلی گروہوں کی شمولیت پر غور کرنا چاہیے۔

افغان طالبان دہشت گردی کو پاکستان کا ’اندرونی مسئلہ‘ قرار دیتے ہیں، وہ یہ نہیں بتاتے کہ افغانستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جنہوں نے پاکستان کے خلاف دہشت گرد حملوں کے جواز میں فتوے جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ، پاکستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں میں اب بڑی تعداد افغان شہریوں کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور آئین کے مینڈیٹ کے تحت، پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور وہ عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ یہ قربانیاں جاری رکھیں گی۔

پاکستان دوطرفہ اختلافات کے حل کے لیے مکالمے کا پابند ہے۔ تاہم پاکستان کا بنیادی تحفظاتی مسئلہ یعنی افغانستان سے آنے والی دہشت گردی، سب سے پہلے حل کیا جانا ضروری ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام اپنے عزم میں متحد ہیں کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور اس کے سہولت کاروں، معاونین اور مالی مددگاروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔