چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے 27ویں آئینی ترمیم پر فل کورٹ اجلاس بلا لیا
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کل 27ویں آئینی ترمیم پر فل کورٹ اجلاس بلا لیا۔ اجلاس جمع کی نماز سے پہلے ہوگا۔ سپریم کورٹ کے 3 سینئر ججز کی جانب سے خط لکھنے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق کل فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فل کورٹ اجلاس کل نماز جمعہ سے قبل ہوگا۔ فل کورٹ اجلاس میں 27 ویں آئینی ترمیم پر بات ہوگی۔ اس سے قبل جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے بعد سپریم کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور نے بھی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر 27ویں آئینی ترمیم پر فل کورٹ بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے 27ویں آئینی ترمیم منظور کی تھی۔ ترمیم کے حق میں 234 اور مخالفت میں 4 ووٹ پڑے تھے۔ اپوزیشن نے قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔ آج چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ایوان بالا کے اجلاس میں قومی اسمبلی سے منظور کی گئی 27ویں آئینی ترمیم کی اضافی شقیں بھی منظور کرلی گئی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اعلان کیا کہ تقسیم کے ذریعے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ 64 ووٹ مزید ترامیم کے حق میں آئے ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں جسٹس صلاح الدین پنہور کا کہنا تھا کہ بطور احتجاج نہیں بلکہ اپنا فرض سمجھتے ہوئے خط لکھ رہا ہوں۔ فل کورٹ میٹنگ بلا کر آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ 27ویں ترمیم اختیارات کے توازن کو خراب کر سکتے ہیں۔ آئین تقاضا کرتا ہے کہ سپریم کورٹ اس کا تحفظ کرے۔