بنوں میں سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک

  • ہفتہ 22 / نومبر / 2025

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضلع مشترکہ انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے 8 دہشتگرد ہلاک کردیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک کردیے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ یہ آپریشن سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مضبوط اور مربوط تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ حالیہ عرصے میں علاقے میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ہم آہنگ اور مربوط سیکیورٹی اقدامات خوارج کی عملی نقل و حرکت کو محدود کرنے کےلئے ترتیب دئے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتنۃ الخوارج کے سہولت کار نیٹ ورکس کو منظم انداز میں تباہ کرنے اور ان کی دوبارہ تنظیم کی صلاحیت کو کم کرنے کےلئے سیکیورٹ اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ایک اور خبر کے مطابق بنوں ریجن کے مختلف علاقوں میں مقامی پولیس، سی ٹی ڈی، کوئیک رسپانس فورس اور سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کے دوران فتنۃ الخوارج کے 3 اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان کے مطابق آپریشنز میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی نفری محفوظ رہی۔ اہل علاقہ کا بھرپور تعاون بھی حاصل رہا۔ ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ آپریشنز کے دوران فتنۃ الخوارج کی مقامی کمان پر کاری ضرب لگی، اہم کمانڈرز ہلاک کردیے گئے۔

اس کے علاوہ شیری خیل، پکہ پہاڑ خیل میں فتنہ الخوارج کے جتھوں کی موجودگی پر لکی پولیس، سی ٹی ڈی بنوں اور سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 10 خارجیوں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران 5 دہشت گرد زخمی ہوگئے اور ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے 7 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں، 3 دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ہونے کی وجہ سے نکالی نہیں جا سکیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع بنوں مین آبشار چوک پر گھی کے ڈبے میں نصب 10 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ بارودی مواد ناکارہ بناکر شہر کو بڑے سانحے سے بچا لیاگیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سجاد خان نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرکے بارودی مواد ناکارہ بنایا، ورنہ خدانخواستہ بنوں میں بڑی تباہی پھیل سکتی تھی۔