پشاور: ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ، 3 اہلکار شہید

  • سوموار 24 / نومبر / 2025

صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں صدر روڈ پر ڈینز ٹریڈ سینٹر کے بالمقابل فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے ہیڈ کوارٹرز پر خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار شہید اور 2 اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک بمبار سمیت 3 دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے۔ تینوں دہشتگرد افغان شہری نکلے۔

صدر کوہاٹ روڈ پر فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز کے گیٹ پر خودکُش دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ایک بمبار نے اپنے آپ کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر دھماکے سے اُڑا دیا۔ ایف سی اہلکاروں نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران 3 ایف سی اہلکار شہید بھی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، علاقے کی کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔

پشاور صدر کے قریب ڈینز ٹریڈ سینٹر کے بالمقابل ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر خودکش حملے کی تصدیق انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بھی کی ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اور ایمبولینس سروسز کو جائے وقوع کی جانب روانہ کر دیا گیا۔ کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) میاں سعید نے بتایا کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے فیڈرل کانسٹیبلری پر حملہ کیا۔ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا جب کہ 2 خودکش حملہ آور فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز کے اندر داخل ہوئے۔

فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں نے دونوں حملہ آوروں پر فائرنگ کی۔ تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔ فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے بہادری سے خودکش حملے کو ناکام بنایا۔ ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی جاوید اقبال کے مطابق تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔ جوانوں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ خودکش حملے میں ایف سی کے 3 اہلکار شہید ہوئے۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حملے میں زخمی ہونے والوں میں 2 ایف سی اہلکار اور 7 شہری شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت تسلی بخش ہے۔

آئی جی ذوالفقار حمید نے بتایا کہ 2 بمبار ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہونا چاہتے تھے، جنہیں اہلکاروں نے گیٹ پر ہی ہلاک کر دیا۔ اس دوران ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، پولیس جائے وقوع پر موجود ہے جب کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن کا عمل جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گرد افغان باشندے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہید جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔