ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) لیگ کامیاب

  • سوموار 24 / نومبر / 2025

مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات میں میدان مارلیا۔ قومی اسمبلی کی 6 اور صوبائی اسمبلی کی 7 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے مکمل نتائج سامنے آگئے ہیں جن میں سے 12 اشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امید وار کامیاب ہوئے ہیں۔

غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی چھوڑی ہوئی تقریباً تمام نشستوں پر (ن) لیگ کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔ پیپلز پارٹی صوبائی اسمبلی کی صرف ایک نشست پر کامیابی حاصل کر سکی۔ این اے 129 پر مسلم ليگ (ن) کے حافظ میاں محمد نعمان، این اے 185 ڈیرہ غازی خان پر محمود قادر خان، این اے 143 ساہیوال پر محمد طفیل جٹ کامیاب ہوئے۔ این اے 104 فیصل آباد میں (ن) لیگ کے دانیال احمد اور این اے 96 میں بلال بدر چوہدری کو کامیابی ملی۔

پی پی 87 میانوالی پر علی حیدر نیازی، پی پی 98 فیصل آباد پر آزاد علی تبسم، پی پی 115 فیصل آباد میں طاہر پرویز کو کامیابی ملی۔ پی پی 116 فیصل آباد میں احمد شہریار، پی پی 203 ساہیوال میں محمد حنیف، پی پی 73 سرگودھا پر سلطان علی رانجھا جیت گئے۔ پی پی 269 مظفر گڑھ پر (ن) لیگ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس حلقے میں پیپلز پارٹی کے میاں علمدار عباس قریشی کا پلڑا بھاری رہا۔

ضمنی انتخابات میں سب سے بڑا اَپ سیٹ خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن میں ہری پور کے حلقہ این اے 18 میں ہوا جہاں پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی نشست پر ان کی اہلیہ شہرناز کو شکست ہوئی۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز خان حلقہ این اے 18 کے ضمنی انتخاب میں ایک لاکھ 63 ہزار 996 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ شہرناز عمر ایوب ایک لاکھ 20 ہزار 220 ووٹ حاصل کر سکیں۔

شہرناز عمر ایوب سابق قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کی اہلیہ ہیں۔ یہ نشست عمر ایوب کے نااہل ہونے پر خالی ہوئی تھی۔ عمر ایوب کو 9 مئی ہنگامہ آرائی کیس میں سزا سنائی گئی تھی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور کے تمام 334 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے، جس کے مطابق مسلم ليگ ن کے حافظ میاں محمد نعمان سب سے آگے رہے۔ انہوں نے 63 ہزار 441 ووٹ حاصل کیے جب کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 29 ہزار 99 ووٹ ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔ حلقہ این اے 129 کی یہ نشست پی ٹی آئی کے میاں اظہر کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔