عمران خان کو لانے والے بڑے مجرم ہیں، ان کا احتساب ہونا چاہئے: نواز شریف

  • بدھ 26 / نومبر / 2025

پاکستان مُسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے نو منتخب ارکانِ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اکیلے مجرم نہیں ،اُن کو لانے والے اُن سے بھی بڑے مُجرم ہیں۔ ان سب کا برابر حساب ہونا چاہیے۔ 2018 سے 2022 تک جو ہوا اس کی ذمہ داری اُن کے سر پر ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ ہم نے اپنے گزشتہ دور میں آئی ایم ایف سے جان چھڑائی تھی مگر اُن کے دورِ حکومت میں ہم پر ایک مرتبہ پھر سے آئی ایم اف کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ آج ایک مرتبہ پھر سے ن لیگ کی حکومت کی درست سمت اور بہترین معاشی پالیسی کی وجہ سے مُلک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ غریب کو مفت طبی سہولیات مل رہیں ہیں، سر پر چھت مل رہی ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دورِ حکومت کے خاتمے کے بعد بہت تباہی ہوئی۔ معیشت، امن و امان، اخلاقیات اور مُلک و قوم کا دیوالیہ نکال دیا گیا۔ اب ضمنی انتخابات میں لوگوں نے کارکردگی کو ووٹ دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں قومی اسمبلی کی چھ اور پنجاب اسمبلی کی سات نشستوں پر چند روز قبل ہونے والے ضمنی انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن نے تمام حلقوں کے غیر سرکاری غیرحتمی نتائج جاری کیے۔ نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی تمام چھ نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ ن کامیاب رہی جبکہ صوبائی اسمبلی کی سات میں سے چھ نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ جبکہ ایک پر پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی۔