پاکستان مصر کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جائے گا: اسحٰق ڈار

  • اتوار 30 / نومبر / 2025

ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے 250 کاروباری اداروں کی فہرست مصر کے ساتھ شیئر کرے گا۔

مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس ملاقات  میں کئی اہم امور پر بات چیت کریں گے، جن میں غزہ اور سوڈان کے تنازعات، ایرانی جوہری پروگرام پر اختلافات اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے طریقے شامل ہیں۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ بدر عبد العاطی کا دورہ پاکستان اور مصر کے برادرانہ تعلقات کی طویل مدت کی دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔ آج ہونے والی بات چیت پاکستان-مصر تعلقات کی مضبوطی کو دوبارہ اجاگر کرتی ہے اور دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں کو ظاہر کرتی ہے کہ سیاسی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی تعلقات کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے۔

ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے تعاون کے مزید منظم فریم ورک پر کام کرنے اور شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اور وہ پُر اعتماد ہیں کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کے نئے مواقع کھولے گا۔

اسحٰق ڈار نے بتایا کہ انہوں نے بدر عبد العاطی کے ساتھ آج کاروبار سے متعلق بات چیت میں خاص توجہ دی کہ کس طرح دونوں ممالک باہمی سرگرمیوں کو بڑھا سکتے ہیں، جسے تقریباً 30 کروڑ ڈالر کے حجم کے ساتھ ’ناکافی‘ قرار دیا گیا۔ اسحٰق ڈار نے اعلان کیا کہ ’دونوں ممالک کے گہرے تعلقات اور محبت کے پیش نظر ہم نے طے کیا کہ پاکستان مصر کے ساتھ ملک کی معیشت کے اہم شعبوں کی نمائندگی کرنے والے 250 کاروباری اداروں کی جامع فہرست شیئر کرے گا‘۔ ان کاروباری اداروں کو سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ دوطرفہ تجارتی تعلقات میں اضافہ ہو۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی حالات کا جائزہ بھی لیا، خاص طور پر غزہ کی سنگین صورتحال پر توجہ مرکوز کی گئی۔ پاکستان مصر کے انسانی ہمدردی کے کردار، ثالثی کے اقدامات اور سفارتی تعلقات کو سراہتا ہے جو جنگ بندی قائم رکھنے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان مصر کو مسلم دنیا میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہر سطح پر جاری تعلقات کی توقع رکھتا ہے۔

دونوں وزرا نے بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر، افغانستان اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون پر بھی بات چیت کی۔ مصر کے وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے اپنے بیان میں پاکستان کو اپنا ’دوسرا گھر‘ قرار دیتے ہوئے حالیہ دہشت گرد حملوں میں ہونے والے انسانی جانی نقصان پر تعزیت کا پیغام دیا۔ بدر عبد العاطی نے کہا کہ ’ہم دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑے ہیں‘۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقتصادی، سیاسی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں مشترکہ چیلنجز ہمیں مل کر کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اپنے تعلقات کو تزویراتی سطح تک بلند کریں۔

بدر عبد العاطی نے کہا کہ صدر عبد الفتاح السیسی نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کریں اور یہ کہ ’ہماری شراکت داری کی کوئی حد نہیں ہے‘۔