چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن وقت پر جاری ہوگا: وزیر دفاع

  • اتوار 30 / نومبر / 2025

وزیر دفاع خواجہ آصف کا سماجی رابطے کی سائٹ’ ایکس ‘ پر کہنا تھا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس سلسلہ میں نوٹی فکیشن وقت پر جاری ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن مناسب وقت پر جاری کر دیا جائے گا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن پر مزید کسی طرح کی قیاس آرائیوں کی گنجائش نہیں۔ خواجہ آصف کا مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد وطن واپس پہنچ رہے ہیں، اُن کی واپسی پر نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔

دریں اثنا 29 نومبر کی اہم ڈیڈ لائن گزر جانے کے بعد حکومت کی جانب سے ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیے جانے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ آرمی چیف کے منصب کے ساتھ یکجا کیا گیا یہ نیا عہدہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت تخلیق کیا گیا تھا اور اب ختم شدہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کی جگہ لے رہا ہے۔ سی جے سی ایس سی کا عہدہ 27 نومبر کو باضابطہ طور پر ختم ہوگیا تھا۔

سرکاری ذرائع اور مبصرین کی توقع تھی کہ نئے ڈھانچے کے تحت نئے عہدے کا  تقرر نامہ اسی موقع پر جاری کر دیا جائے گا۔ تاہم 29 نومبر کو اس لیے بھی اہم سمجھا جا رہا تھا کہ یہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ابتدائی تین سالہ مدت ملازمت کے خاتمے کی تاریخ تھی۔

بعض قانونی ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر نیا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو مدت ملازمت تکنیکی طور پر ختم سمجھی جا سکتی تھی۔ لیکن 2024 میں پاکستان آرمی ایکٹ میں کی گئی ترمیم کے بعد سروسز چیفس کی مدت ملازمت 5 سال کر دی گئی ہے۔ ترمیم میں شامل ’ڈیمنگ کلاز‘ کے مطابق یہ قانون ہمیشہ سے ایکٹ کا حصہ تصور ہوگا۔ اس لیے قانونی ماہرین کے مطابق آرمی چیف کی مدت بڑھانے کے لیے کسی نئے نوٹیفکیشن کی ضرورت ہی نہیں رہی۔ یوں ان کے نزدیک 29 نومبر کوئی قانونی حد نہیں تھی۔

متعدد سکیورٹی ذرائع نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ حکومت کو فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سی ڈی ایف کا منصب دینے کے لیے ایک نیا اور باضابطہ عوامی نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے اجرا میں تاخیر کو حکومتی سطح پر جاری اختلافات کی نشانی قرار دیا جا رہا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق اس وقت ایک اہم سوال یہ زیر غور ہے کہ آرمی چیف کی 5 سالہ مدت ملازمت کا آغاز کس تاریخ سے شمار کیا جائے۔ نومبر 2022 سے جب فیلڈ مارشل منیر نے عہدہ سنبھالا یا پھر نومبر 2025 سے، جیسا کہ نئی قانون سازی کے بعد عمومی طور پر تاثر پایا جاتا رہا ہے۔