اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان کا دھرنا
راولپنڈی اڈیالہ جیل بانی پی ٹی ائی کی بہنوں نے گورکھپور ناکے پر روکے جانے کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے جیل جانے والے راستے پر رکاوٹیں کھڑی کرکے بھاری نفری تعینات کر دی۔ کارکنان اور پولیس آمنے سامنے آگئے اور پی ٹی آئی کارکنان نے نعرے بازی شروع کر دی۔
اس ناکے پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ میں آگئی ہوں تمام تر ناکے توڑ کر آؤ مجھے کر لو گرفتار، یہ غیرقانونی کام کرتے ہیں۔ ہم قانونی کام کریں تو پابندی عائد کر دی جاتی ہے۔ ہمیں تو ڈاکٹر لانے کی اڈیالہ جیل میں اجازت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سرکاری ڈاکٹر معائنہ کرتے ہیں اور مخصوص سرکاری رپورٹس جاری کی جاتی ہیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ ساری دنیا کو پتا ہے نواز شریف کو اڈیالہ میں تو ہر وقت اپنا ڈاکٹر ساتھ رکھنے کی اجازات تھی۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات نہ ہوئی تو یہیں احتجاج بھی کریں گے اور دھرنا بھی دیں گے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور ان کی ملاقاتوں پر پابندی کے باعث اہل خانہ اور کارکنان کئی بار احتجاج کر چکے ہیں۔
پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ عمران خان کو بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔ جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ تمام سہولتیں قانون کے مطابق دی جا رہی ہیں۔