مائنس ون ہوا تو کوئی باقی نہیں رہے گا : بیرسٹر گوہر

  • بدھ 10 / دسمبر / 2025

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر ایک مائنس ہوا تو اس کے بعد ایک بھی باقی نہیں رہے گا۔ حالات آپ کے کنٹرول میں نہیں آئیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ کاروباری دنیا نہیں ہے کہ دو میں سے ایک مائنس کرو تو ایک رہ جائے گا۔ اگر ایک مائنس ہوا تو اس کے بعد ایک بھی باقی نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی بہنوں پر واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔ ان سے ملاقاتوں کی اجازت نہیں ہے۔ جو ملاقات کے لیے آتا ہے اس پر واٹر کینن کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر وہ دو گھنٹے تک اور بیٹھے رہتے تو ملک اور قوم کا کیا نقصان ہو جاتا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ یہ بہانہ لگا رہے ہیں کہ خان کی ٹویٹ کی وجہ سے ملاقات نہیں ہو رہی، کیا بشریٰ بی بی کی فیملی پریس کانفرنسز کر رہی ہے، ان کی ملاقاتیں کیوں نہیں کروا رہے؟ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس سے کچھ نہیں ہوگا لیکن پھر ایسا ہوگا جو کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوگا۔ ہم سسٹم کا حصہ اس لیے ہیں تاکہ ملک میں جمہوریت برقرار رہے۔ ہم اس وقت تین کروڑ عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صوبائی اسمبلی میں ایک قرار داد منظور ہوئی ہے، آپ اس مرتبہ فیڈریشن کے یونٹس کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کر رہے ہیں۔ آپ پی ٹی آئی پر کیا بین لگانے جا رہے ہیں؟ ابھی تک تو اپ نے سرٹیفیکیٹ ہی نہیں قبول کیا، اگر یہی حالات رہے تو مہینے میں بھی حالات آپ کے کنٹرول میں نہیں آئیں گے۔