آسٹریلیا میں یہودی کمیونٹی پر حملہ، 13 ہلاک

  • اتوار 14 / دسمبر / 2025

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحلی علاقے میں ایک یودی اجتماع پر حملے میں 12  افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دو حملہ آوروں میں سے ایک موقع پر ہی مارا گیا جبکہ دوسرا زخمی حالت میں ہسپتال میں ہے۔

نیو ساؤتھ ویلز کے وزیرِاعلیٰ کرس منز نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے 13 افراد میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے۔ جبکہ دوسرا حملہ آور زخمی حالت میں پولیس کی حراست میں ہے۔

آسٹریلیا کے وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے بونڈائی کے ساحل پر فائرنگ کے واقعے کو آسٹریلوی عوام پر ایک منصوبہ بندی والا حملہ قرار دیا ہے، جو ایک ایسے دن پر ہوا جو ’خوشی کا دن ہونا چاہیے تھا‘۔ انہوں نے کہا کہ ’یہودیوں کے خلاف سفاکانہ دہشت گردی اور شر انگیز یہود دشمنی کا عمل ہے جس نے ہماری قوم کے دل پر ضرب لگائی ہے۔‘ وزیرِاعظم البانیز نے مزید کہا کہ اس ’نفرت اور تشدد کے گھناؤنے عمل‘ کے لیے آسٹریلیا میں کوئی جگہ نہیں۔

نیو ساوتھ ویلز پولیس کمشنر میل لینین کے مطابق اس موقع پر ایک ہزار سے زائد افراد موجود تھے جو یہودی تہوار ہنوکا کا جشن منا رہے تھے۔ پولیس نے اسے دہشتگردی کا واقعہ قرار دیا ہے۔ حملہ آوروں کے محرکات کے بارے میں فی الحال کچھ واضح نہیں۔

اسرائیل کے صدر آئزک ہرزوگ نے بونڈائی پر پیش آنے والے واقعے کو ’یہودیوں پر نہایت سفاکانہ حملہ‘ قرار دیا ہے۔ صدر نے کہا کہ ’ہمارے سڈنی میں موجود بہن بھائیوں کو بدترین دہشت گردوں نے نشانہ بنایا ہے، یہودیوں پر نہایت سفاکانہ حملہ کیا گیا ہے جو بونڈائی بیچ پر ہنوکا کی پہلی شمع روشن کرنے آئے تھے۔‘

مقامی وزیرِاعلیٰ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ اس حملے کی منصوبہ بندی ’سڈنی کی یہودی کمیونٹی کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی تھی۔ ان کے مطابق ’جو رات امن اور خوشی کی ہونی چاہیے تھی، وہ ایک خوفناک اور شیطانی حملے سے تاراج ہو گئی۔‘

پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آسٹریلیا کے بونڈائی کے ساحل پر فائرنگ کے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ’سفاکانہ اور مہلک حملے‘ سے ’بہت زیادہ خوفزدہ‘ ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہوں نے  لکھا کہ ’میں آج سڈنی میں ہنوکا کی تقریب کے دوران یہودی خاندانوں پر ہونے والے سفاکانہ اور مہلک حملے کی مذمت کرتا ہوں۔ میرا دل دنیا بھر کی یہودی برادری کے ساتھ ہے، خاص طور پر ہنوکا کے پہلے دن، جو امن اور روشنی کے اندھیروں پر غالب آنے کے معجزے کا جشن ہے۔‘