موت یا آزادی تک جد و جہد جاری رہے گی: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا

  • اتوار 14 / دسمبر / 2025

خیبر پحتونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جیل سے عمران خان کا پیغام آچکا ہے۔ ’آزادی یا موت‘، ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے‘۔ کوہاٹ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت اور ادارے عمران خان کو جھکانے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کی بہنوں کے خلاف واٹر کینن کا استعمال کیا گیا اور مینڈیٹ کی حفاظت کرنے والے ادارے خود مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔ عمران خان نے مذاکرات اور احتجاج کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو دی ہے اور ان رہنماؤں سے ملاقات کے بعد مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق میرٹ اور گڈ گورننس پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں 16 ہزار بھرتیاں سو فیصد میرٹ پر کی گئی ہیں اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں چیلنج کرتا ہوں کہ بھرتیوں کے عمل میں کوئی ایک سیاسی سفارش ثابت کرے۔‘

وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے تمام محکموں، نیم سرکاری اور خودمختار اداروں میں بھرتیاں ایٹا کے ذریعے میرٹ پر ہوں گی اور خیبر پختونخوا میں کوئی نوکری سیاسی سفارش پر نہیں ملے گی۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی ہے اور پاکستان کا قرضہ 80 ہزار ارب تک پہنچ چکا ہے۔ ان کے مطابق ’یہ وہ لوگ ہیں جو ہمیں مشورے دیتے ہیں لیکن پاکستان کو ڈبو رہے ہیں۔‘