پولیو ٹیم پر حملہ دو افراد جاں بحق

  • منگل 16 / دسمبر / 2025

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی تحصیل سالارزئی کے علاقے تنگی میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

ضلعی پولیس کے مطابق تین نقاب پوش مسلح افراد نے ٹیم پر حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں انسداد پولیو ٹیم کے کارکن محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے باجوڑ کے علاقے میں انسدادِ پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کی ہے۔ اس واقعے میں پولیو ٹیم کے تحفظ پر مامور ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری بھی مارے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے مرنے والوں کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

انہوں نے ہدایت دی کہ تخریب کاروں کی جلد از جلد شناخت کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے لیے انسدادِ پولیو کی اہم خدمت سرانجام دینے والوں پر حملہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ ملک سے پولیو کے خاتمے تک یہ مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ورکرز اور ان کی سکیورٹی پر مامور اہلکار قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، ان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیر اعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’معصوم بچوں کے تحفظ کے لیے پولیو مہم کسی صورت متاثر نہیں ہونے دی جائے گی‘۔