سہیل آفریدی کا پنجاب حکومت کو خط، پروٹوکول سے متعلق تحفظات کا اظہار
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پنجاب حکومت کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے۔اپنے خط میں سہیل آفریدی نے پنجاب کے دورے کے دوران پروٹوکول سے متعلق مبینہ خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں دورے کے دوران میرے ساتھ نامناسب رویّے اور بدتمیزی کی گئی۔میرے ساتھ روا رکھا گیا سلوک عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔پنجاب میں سکیورٹی اقدامات غیر ضروری اور حد سے زیادہ تھے۔عوامی مقامات کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،موٹر وے سروس ایریاز تک رسائی نہ دینا بھی سنگین مسئلہ تھا۔
سہیل آفریدی نے خط میں کہا کہ مجھے بدنام کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی اور منشیات سے جوڑنے کی مہم ریاستی اداروں سے منسلک اکاؤنٹس سے چلائی گئی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کردار کشی کی مہم کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ ایسے اقدامات بین الصوبائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں ننے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور واقعے کی دوبارہ تکرار نہ ہونے کی یقین دہانی کا مطالبہ کر دیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ خط مستقبل کی قانونی اور سرکاری کارروائی کیلئے باضابطہ ریکارڈ کا حصہ ہوگا۔