شمالی علاقوں میں مزید بارشوں اور برف باری کا اندیشہ
قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے صوبہ خیبر پختونخوا میں 25 سے 27 جنوری کے دوران مزید بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنائے کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق، بارشوں اور برفباری کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بندش، پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ، برفانی تودے گرنے اور فلیش فلڈ جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں، جس سے عوام اور سیاح متاثر ہو سکتے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ اس دوران وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ برفباری اور شدید بارش کے دوران بالائی اور دور دراز علاقوں کا رخ نہ کریں۔
اس کے علاوہ ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سیاحوں کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کریں اور برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق بروقت الرٹس جاری کیے جائیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
گزشتہ روز پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ 22 جنوری سے شروع ہونےوالی بارشوں اور برفباری کے باعث برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور گھروں کی چھتیں گرنے جیسے حادثات میں اب تک نو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں سات بچے جبکہ ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔