یورپی یونین اور بھارت میں تاریخی تجارتی معاہدہ

  • منگل 27 / جنوری / 2026

انڈیا اور یورپی یونین کے درمیان تقریباً دو دہائیوں تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد ایک تاریخی تجارتی معاہدہ طے پایا ہے۔ یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈر لیئن نے ایکس پر لکھا کہ ’ہم نے مدر آف آل ڈیلز طے کر لی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دو ارب لوگوں کے لیے فری ٹریڈ زون بنایا ہے جس سے دونوں فریقین کو فائدہ ہو گا۔ اس سے ہماری سٹریٹیجک شراکت مزید مضبوط ہو گی۔

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس معاہدے کو تاریخی قرار دیا ہے جس کے تحت 27 یورپی ممالک پر مشتمل یونین اور انڈیا کے درمیان فری ٹریڈ یعنی کھلی تجارت ممکن ہو سکے گی۔

منگل کے روز مودی نے انڈیا انرجی ویک 2026 کے چوتھے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’کل انڈیا اور یورپی یونین کے درمیان ایک بڑے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ لوگ اسے مدر آف آل ڈیلز قرار دے رہے ہیں۔

یہ معاہدہ انڈیا کے 1.4 ارب لوگوں اور یورپی ممالک کے کروڑوں لوگوں کے لیے بے پناہ مواقع لاتا ہے۔ یہ دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔

انڈین وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ معاہدہ عالمی جی ڈی پی کے تقریباً 25 فیصد اور عالمی تجارت کے تقریباً ایک تہائی کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ معاہدہ تجارت کے ساتھ ساتھ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کو مضبوط کرتا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ ’یورپی یونین کے ساتھ یہ تجارتی معاہدہ برطانیہ اور یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن (ای ایف ٹی اے) کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی بھی تکمیل کرے گا۔‘