امریکہ ایران بات چیت میں پاکستان بھی شریک ہوگا

  • منگل 03 / فروری / 2026

پاکستان کو ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی دعوت موصول ہو ئی ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بی سی سی کو تصدیق کی ہے کہ دعوت موصول ہو چکی ہے۔ تاہم ان مذاکرات میں کون شرکت کرے گا اس حوالے سے فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی وزیر اعظم کی ٹیم کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ان مذاکرات میں شرکت کا امکان ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کی کوشش کی جائے گی۔ ایک عرب اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو یہ بھی بتایا کہ یہ ملاقات ممکنہ طور پر جمعہ کو ترکی میں ہوگی۔

ایک اور عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ مذاکرات کی ترجیح کسی بھی تنازعے کو روکنا اور دونوں فریقوں کے درمیان تناؤ کو کم کرنا ہے۔ اور یہ کہ متعدد علاقائی طاقتوں کو بھی مذاکرات میں مدعو کیا گیا ہے۔ وزرائے خارجہ کی سطح پر پاکستان، سعودی عرب، قطر، مصر، عمان اور متحدہ عرب امارات سمیت ممالک کو مدعو کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملاقاتوں کا صحیح فارمیٹ ابھی واضح نہیں ہے تاہم ’اہم اجلاس‘ جمعہ کو ہوگا۔

دریں اثنا قطر کی وزارت خارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ملک کی سفارتی کوششوں کا اعلان کیا ہے۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد انصاری نے کہا کہ ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے علاقائی تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں سرگرم ہے اور بحران کو بڑھنے سے روکنے اور سفارتی حل تک پہنچنے کے لیے مختلف فریقوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایران اور امریکہ جمعے کو ترکی میں مذاکرات کریں گے۔ ایران اور امریکہ کے علاوہ ترکی (مذاکرات کے میزبان)، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، پاکستان اور عمان کو بھی مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔