اسلام آباد امام بارگاہ میں خودکش دھماکہ، 31جاں بحق، 169 زخمی
اسلام آباد کی ترلائی امام بارگاہ میں خود کش دھماکہ کے بعد اموات کی تعداد 31 ہو گئی ہے جبکہ 169 زخمی ہو ئے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ دھماکے کے فوری بعد اسلام آباد میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد کے پمز، پولی کلینک اور دیگر ہسپتالوں میں زخمیوں کو لایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر صحت کو ہدایت دی ہے کہ وہ زخمیوں کے علاج معالجے کی خود نگرانی کریں۔
وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمے داران کے فوری تعین کی ہدایت کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دھماکے کے ذمہ داران کا تعین کر کے اُنہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ ملک میں شر پسندی اور بدامنی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔