بھارت سے ساولکوٹ ڈیم پر تفصیلات طلب، پانی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے: دفتر خارجہ

  • جمعرات 12 / فروری / 2026

وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت سے ساولکوٹ ڈیم پر تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ پانی کے حق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، مسائل پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت کے ساولکوٹ ڈیم کا معاملہ اٹھایا ہے۔پاکستان کےانڈس واٹرکمشنرنےبھارتی واٹرکمشنر کو خط لکھا ہے۔ پاکستان نےنئےڈیم کی تمام تفصیلات طلب کی ہیں، سندھ طاس معاہدہ کےتحت پاکستان تمام تفصیلات لینےکاحق رکھتا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت پر زور دیتے ہیں کہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کرے، پاکستان پرامن طریقے سے تمام مسائل حل کرنا چاہتا ہے، پاکستان اپنےلوگوں کے پانی کےحقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ رافیل کمپنی نے پاکستان کی جانب سے بھارتی رافیل طیارے گرائے جانے کی معلومات کی توثیق کی ہے، مستقبل میں بھی کسی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قانونی ٹیم نے عالمی ثالثی عدالت میں سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے سماعت میں حصہ لیا۔جبکہ بھارت اس سماعت میں شریک نہیں ہوا۔  پاکستان نے دوبارہ اس بات کی تجدید کی کہ دونوں فریقین کے لیے سندھ طاس معاہدے کی مکمل پابندی لازمی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ کرکٹ میں سیاست کو ملوث کرنا یا اس کو ہتھیار بنانا افسوسناک ہے، بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ کھیل کو سیاسی ہتھیارنہ بننے کیلئے کیا تھا۔ بھارت کرکٹ کو بنگلہ دیش کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کر رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار نےآذربائیجان کے وزیرخزانہ سے رابطہ کیا، اسحاق ڈار کی ایران کے وزیرخارجہ سے 2 بار گفتگو ہوئی، اسحاق ڈار اور ترکیے کے وزیرخارجہ کا 2 بار رابطہ ہوا، رواں ہفتے پاکستان نے ایکسپورٹ کنٹرول فہرستوں کی تجدید کی، رواں ہفتےپاکستان سمیت 8مسلم ممالک نے 2مشترکہ بیان جاری کیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم بورڈ آف پیس اجلاس میں شریک ہوں گے، وزیرخارجہ اسحاق ڈاربھی وزیراعظم کےہمراہ ہوں گے، وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا، پاکستان نےبورڈ میں اچھی امید کےساتھ شمولیت اختیارکی ہے۔