صدر ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد تمام ممالک پر 10 فیصد ٹیرف عائد کردیا

  • ہفتہ 21 / فروری / 2026

امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے ٹیرف بڑھانے کے اقدامات کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد صدر ٹرمپ نے تمام ممالک پر 10 فیصد گلوبل ٹیرف عائد کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے۔امریکی عدالت نے ٹرمپ کے ٹیرف اقدامات کالعدم قرار دیے تھے۔ اس حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ 10 فیصد گلوبل ٹیرف پر دستخط کر دیے ہیں، تمام ممالک پر نیا ٹیرف فوری طور پر نافذ ہوگا۔تمام معاہدے برقرار ہیں، صرف طریقہ کار مختلف ہوگا۔

امریکی صدر نے عدالتی فیصلےکو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ ججز ملک لوٹنے والے ڈیموکریٹس کی گود میں بیٹھے ہیں، عدالت غیر ملکی مفادات کے زیر اثر آگئی ہے۔دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ عدالت کا ٹیرف سے متعلق فیصلہ لاقانونیت ہے، فیصلہ صاف اور سادہ الفاظ میں قانون شکنی ہے۔