عمران خان کا دوسری بار پمز میں علاج

  • منگل 24 / فروری / 2026

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کو آنکھ کے علاج کے لیے 23 اور 24 فروری کی درمیانی شب اسلام آباد کے پمز ہسپتال لے جایا گیا۔

پمز ہپستال کی انتظامیہ کے مطابق ’عمران احمد خان نیازی ولد اکرام اللہ خان نیازی (عمر 74 سال) کو 24 فروری 2026 کو آنکھوں کے فالو اپ علاج یعنی دوسری خوراک کے لیے پمز لایا گیا۔‘ ہسپتال کی جانب سے جاری مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انہیں (عمران خان کو) انٹرا وٹریل انجیکشن کی دوسری خوراک لگائی گئی۔ یہ طریقہ کار بطور ڈے کیئر سرجری انجام دیا گیا۔‘

یاد رہے اس سے قبل 12 فروری کو پاکستان کی سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو حکم دیا تھا کہ ماہر ڈاکٹروں کی موجودگی میں 16 فروری سے پہلے سابق وزیر اعظم عمران خان کی آنکھ کا معائنہ کروایا جائے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے عدالت کی طرف سے مقرر کیے گئے 'فرینڈ آف کورٹ' سلمان صفدر کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ کے بعد یہ حکم دیا تھا۔

ہسپتال کی  پریس ریلیز کے بعد سابق وزیراعظم کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں تصدیق کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو ہسپتال لایا گیا اور ان کی آنکھوں کے علاج کے لیے دوسری خوراک دی گئی۔ اور ڈے کیئر سرجری کا یہ عمل رضامندی کے ساتھ انجام دیا گیا۔‘

پی ٹی آئی نے سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج اور خاندان کو رسائی دینے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’محض دو لائنوں پر مشتمل سرسری طریقہ کار کی تحریر کسی صورت بھی جامع اور آزادانہ طور پر تصدیق شدہ طبی رپورٹ کا متبادل نہیں ہو سکتی۔‘ ان کے طبی علاج کے حوالے سے مسلسل ابہام اور رازداری عوامی بے چینی میں اضافے اور اس عمل کی شفافیت پر اعتماد کو مزید ٹھیس پہنچانے کا باعث بن رہی ہے۔‘