ایران پرامن جوہری صلاحیت سے دستبردار نہیں ہوگا: عراقچی

  • بدھ 25 / فروری / 2026

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مذاکرات کے تیسرے دور سے قبل کہا ہے کہ اگر سفارتکاری کو ترجیح دی جائے تو معاہدہ جلد ہو سکتا ہے۔ تاہم ایران یورونیم افزودہ کرنے کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔

خیال رہے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور جنیوا میں جمعرات کو شروع ہوگا۔ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’مذاکرات کے پہلے دو ادوار کی سمجھ بوجھ کی بنیاد پر ایران جنیوا میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرے گا۔ اس عزم کے ساتھ کہ ایک منصفانہ اور متوازن معاہدہ کم سے کم وقت میں حاصل کیا جائے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہمارے بنیادی تصورات بالکل واضح ہیں۔ ایران کسی بھی صورت میں کبھی ایٹمی ہتھیار تیار نہیں کرے گا، اور ہم ایرانی کبھی بھی اپنی قوم کے لیے پُرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کے ثمرات حاصل کرنے کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔‘

عباس عراقچی نے کہا کہ ’ہمارے پاس ایک تاریخی موقع ہے کہ ایک بے مثال معاہدہ کیا جائے جو باہمی خدشات کو دور کرے اور مشترکہ مفادات کو یقینی بنائے۔ معاہدہ قریب ہے لیکن صرف اسی صورت میں جب سفارت کاری کو ترجیح دی جائے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے ثابت کیا ہے کہ اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہم کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ یہی جرات ہم مذاکرات کی میز پر بھی لاتے ہیں، جہاں ہم ہر اختلاف کا پُرامن حل تلاش کریں گے۔‘